• news

گارڈن ٹائون ، تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ زخمی، معاون محفوظ

لاہور(خبر نگار+ نامہ نگار) والٹن ائرپورٹ سے اڑنے والا چھوٹا طیارہ گارڈن ٹائون میں گر کر تباہ ہو گیا۔ پائلٹس نے طیارے سے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔ ڈی جی سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے طیارہ گرنے کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دیدی ہے۔طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کے علاوہ سول ایو ی ایشن کے اعلیٰ حکام اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ تربیتی طیارہ گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ گزشتہ روز والٹن ائر پورٹ سے اڑنے والا تربیتی طیارہ امریکن اسمبل الٹرا لائٹ رینز A-6  ٹیک آف کرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی گارڈن ٹائون کے علاقے میں گر گیا۔ طیارے میں سوار دونوں پائلٹس ہاشم اورفہیم خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق طیارہ رینز الٹرا لائٹ 6ہوا میں توازن کھو بیٹھاتھا۔گارڈن ٹائون میں گرنے والے طیارے نے تین بجکر22منٹ پر ٹیک آف کیا اور 3 بجکر33منٹ پر طیارے کا ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ ٹیک آف کے فوری بعد طیارہ توازن کھو کر نیچے آنا شروع ہو گیا ۔پائلٹس نے طیارے کو آبادی سے دور اتارنے کی کوشش کی اور پھر ناکامی کے بعد دونوں پائلٹس نے طیارے سے چھلانگیں لگا کر جان بچائی۔ذرائع کے مطابق والٹن ائرپورٹ سے ٹیک آف کرنے والا چھوٹا طیارہ ستمبر میں والٹن ائرپورٹ لایا گیا۔ طیارہ اب تک 100 ٹیک آف اور لینڈنگ کر چکا ہے۔طیارے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فلائنگ لائسنس جاری کیا تھا۔تباہ ہونے والے طیارے کی قیمت 20 سے 25 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے اور یہ تقریباً چھ سال پرانا تھا۔ اس سے قبل 2013ء میں بھی ماڈل ٹائون میں طیارہ کریش ہونے سے خاتون سمیت ایک پائلٹ بھی جاں بحق ہوا تھا۔ گارڈن ٹائون میں گرنے والے طیارے کی تحقیقات کے لیے ڈی جی سول ایوی ایشن کے حکم پر ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس میں جی ایم ائیر وردی نیس لقمان رشید، گروپ کیپٹن طاہر آفتاب اور والٹن ائرپورٹ منیجر ملک سلیمان کے علاوہ ٹیکنیکل شعبہ کے لوگ شامل ہیں، طیارے کے ملبہ کو تحقیقات مکمل ہونے تک نہیں ہٹا یا جا ئیگا۔سول ایوی ایشن اہلکاروں سمیت پولیس اہلکار طیارے کے ملبے کی نگرانی پر مامور رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن