• news

اسحاق ڈار کی سینٹ رکنیت عبوری معطل‘ میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد‘ ایک دن آنا ہی پڑیگا: چیف جسٹس

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت+اے این این ) سپریم کورٹ نے طلبی کے باوجود عدم پیشی پر اسحاق ڈار کی سینٹ کی رکنیت عبوری طور پر معطل کردی۔منگل کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نوازش پیرزادہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے سینٹ انتخابات میں اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کیا ہے۔سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 8 مئی کو طلب کیا تھا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ اسحاق ڈار کو آج طلب کیا تھا، کہاں ہیں اسحاق ڈار؟ وہ کیوں نہیں آئے؟ وہ کس دن ٹھیک ہوں گے؟ انہیں ایک دن تو آنا ہی پڑے گا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ خبروں میں تو اسحاق ڈار کو آتے جاتے دیکھتے ہیں، وہ صحت مند ہیں اور یہاں میڈیکل سرٹیفکیٹ دے دیا جاتا ہے۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے اسحاق ڈار کو آنا ہی پڑے گا، بتائیں وہ کس دن آئیں گے؟عدالت نے طلب کیے جانے کے باوجود عدم پیشی پر سابق وزیر خزانہ کا میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کرتے ہوئے ان کی سینٹ کی رکنیت عبوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا اور کیس کی مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن