• news

چند عناصر نوجوانوں پر اثر انداز ہو کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں: آرمی چیف

کوئٹہ ( بیورورپورٹ +نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان میں پاکستان افغان سرحد پر باڑ لگانے کے کام کا افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے افغان سرحد پر بلوچستان میں بنچ پائی کے علاقے میں افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے باڑ لگانے میں تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے کہا باڑ لگانے میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی۔ سرحد پر قانونی نقل و حرکت مخصوص کراسنگ پوائنٹ سے ہو گی۔ باڑ لگانے سے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے گا۔ حکومت کے ساتھ بہتری کیلئے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراسنگ پوائنٹ سے آمدورفت و اقتصادی سرگرمیاں ممکن ہو پائیں گی۔ ہر ایک پر لازم ہے ملکی قنون کی پابندی کرے۔ آئین کے اندر رہ کر اپنا کردار ادا کرنا سب پر لازم ہے۔ آرمی چیف نے کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے سینٹ کوئٹہ کیمپس کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ آرمی چیف نے کہا چند عناصر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے پاک فوج ملک کا دفاع کرے گی۔ آرمی چیف نے کوئٹہ میں مختلف جامعات کے طلبا و طالبات سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے کہا نوجوان نسل محنت اور کردار سازی سے ملکی ترقی میں کردار ادا کریں ہم نہیں چاہتے بلوچستان کسی مخصوص کوٹے یا پیکیج کا مرہون منت ہو۔ پاکستان نے دہشتگردی کو مسترد کر دیا۔ مسلح افواج اور عوام کی قربانیوں کے باعث ملک میں دیرپا امن قائم ہوا‘ چند عناصر ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں میں نفرت پھیلانا چاہتے ہیں۔ طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ہمیں مشترکہ طور پر بحیثیت قوم انتہا پسندی کو مسترد کرنا ہو گا۔ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ہدف بننے سے بچانا ہو گا۔ کئی سال جنگ میں گزرے‘ اب زخموں کے بھرنے کا وقت ہے۔ ہمیں تنازعات اور نفرت کا پرچار کرنے والوں سے بچنا چاہئے۔ تعلیم‘ صحت سمیت دیگر شعبوں میں صوبائی حکومت سے تعاون کریں گے۔ بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی دیگر شہریوں کی طرح ہونا چاہئے۔ پاک فوج ہر حال میں مادر وطن کا دفاع کرے گی۔بیورو رپورٹ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان سرحد پر بلوچستان پنچ پائی کے مقام پر آہنی باڑ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا قانون کی پاسداری یقینی بنانا ہر کسی کے لئے ضروری ہے، پاک فوج اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ملک کا دفاع کرے گی،سیف سٹی پراجیکٹ سے کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال میں مزید بہتری آئیگی،پاک فوج بلوچستان میں تعلیم، صحت، بجلی، پانی کی فراہمی کے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے،نہیں چاہتے بلوچستان کسی مخصوص کوٹے یا پیکیج کی مرہون منت ہو،چند عناصر نوجوان نسل کے ذہنوں پر اثرانداز ہو کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ آرمی چیف نے کوئٹہ میں نسٹ کے کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھا نسٹ کوئٹہ کیمپس پر دو ارب 63 کروڑ روپے لاگت آئیگی۔

ای پیپر-دی نیشن