4.9 ارب ڈالر مبینہ بھارت بھجوانے کی شکایات‘ نیب کا نوٹس‘ رپورٹس غلط ہیں: سٹیٹ بنک‘ ورلڈ بنک
اسلام آباد/ واشنگٹن (نامہ نگار + ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب نے مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر کی خطیر رقم بھارت بھجوانے کی شکایات کا نوٹس میڈیا رپورٹس پر لیا ہے اور شکایت کی وضاحت کا حکم جاری کیا ہے۔ اگر عالمی بنک کی رپورٹ درست نہیں تھی تو کیا سٹیٹ بنک آف پاکستان نے عالمی بنک سے وضاحت مانگی یا پھر رپورٹ کی تصحیح کیلئے کہا گیا تھا۔ سٹیٹ بینک نے 4.9 ارب ڈالر بھارت بھیجے جانے سے متعلق رپورٹس کو مسترد کردیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک نے 2016 میں ہی کہہ دیا تھا کہ اس رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں۔ مرکزی بینک کے مطابق ورلڈ بینک نے غلط اندازوں پر رپورٹ تیار کی تھی، بینک کی مائیگریشن اینڈ ریمی ٹینسز فیکٹ بک ہجرتوں کے اعداد و شمار پر تیار کی گئی تھی جس میں 1947 کی ہجرت کے اعداد و شمار کو بھی بنیاد بنایا گیا تھا۔ اعلامئے میں کہا گیا کہ سٹیٹ بینک نے ستمبر 2016 کے اعلامئے میں بتادیا تھا کہ مالی سال 2015-16ء میں پاکستان سے صرف ایک لاکھ 16 ہزار ڈالر کی ترسیلات بھارت بھیجی گئی تھیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2016 میں بھارت سے پاکستان 3 لاکھ 29 ہزار ڈالر آئے تھے جبکہ پاکستان سے بھارت درآمدات 45 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی۔ عالمی بنک نے بھی کہا ہے کہ مائیگریشن اینڈ ریمیٹنس 2016 ء پر میڈیا رپورٹس غلط ہیں۔ رپورٹ کا مقصد دنیا میں مائیگریشن اینڈ ریمیٹنس کا اندازہ لگانا تھا۔ رپورٹ میں کہیں بھی منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں۔ رپورٹ میں کسی انفرادی شخص کا بھی تذکرہ نہیں۔ مزید برآں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ لگتا ہے چار ارب ڈالر کبوتروں کے ذریعے بھارت بھجوائے گئے‘ نیب نے تمام کبوتر پکڑ لئے ہونگے‘ تمام کبوتر احتساب عدالت میں بطور گواہ پیش ہونگے۔ یہ گواہ نواز شریف کے خلاف پیش ہونگے۔ دوسری طرف چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پیپلزپارٹی کے رہنما صفدر علی عباسی، ناہید عباسی، معظم علی خان عباسی اور منور علی عباسی کے خلاف سرکاری زمین پر ہاؤسنگ سکیمیں قائم کرنے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے افتخار گیلانی آف اوچ شریف اور سیکرٹری پنجاب ریلوے ٹریک لاہور اور دیگر کے مبینہ طور پر پنجند سے احمد پور ایسٹ اور ریلوے کی اربوں روپے کی زمین فروخت کرنے کے الزام میں شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے چیئرمین نیب نے ممبر گیس اوگراعامر نعیم کے خلاف مبینہ طور پر بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائزاستعمال کے مبینہ الزام کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے۔