مسلم لیگ ن کو نشانہ بنانا ملک کے لئے ٹھیک نہیں‘ الیکشن کے بعد نیا نظام لائیں گے: نوازشریف
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+این این آئی‘ نوائے رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد ٗ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کو ہر طرف سے نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ملک کیلئے ٹھیک نہیں ٗ 2018 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد نیا نظام ضرور لائینگے۔پنجاب ہاؤس میں سابق وزیراعظم نے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال پر گولیوں سے وار گھناؤنی سازش ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اس ملک میں احتساب صرف سیاست دانوں کا ہوتا ہے۔مشاورتی اجلاس میں خواجہ آصف، سعد رفیق، پرویز رشید، مشاہد حسین، عرفان صدیقی، جاوید لطیف، زاہد حامد، بیرسٹر طفراللہ شریک ہوئے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام رہنمائوں نے احسن اقبال پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کے بعد کی صورتحال پر غور کیا۔ پارٹی رہنمائوں پر ہونے والے حملوں اور آئندہ کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خواجہ آصف کی نااہلی کیس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء سابق وزیراعظم نوازشریف گزشتہ روز وزیر داخلہ احسن اقبال کی خیریت دریافت کرنے سروسز ہسپتال لاہور پہنچ گئے انہوں نے احسن اقبال سے ملاقات کرکے خیریت دریافت کی۔ نوازشریف نے احسن اقبال پر حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔