• news

مذہب‘ صحت‘ تعلیم پر سیاست نہ ہو‘ پارلیمنٹ اصول طے کرے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پائیدار ترقی کے اہداف(ایس ڈی جیز) پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنونیئر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو کچھ اصول طے کرنا ہونگے جن پر عمل کرتے ہوئے مذہب، صحت اورتعلیم پر سیاست نہ ہو‘صحت ‘تعلیم ‘مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے پنجاب ‘کے پی کے ٹاسک فورسز فعال کر دار ادا کررہی ہیں ،18ویں ترمیم کے بعد شعبے صوبوں کو منتقل ہونے کے بعد صحت ‘تعلیم سمیت سماجی مسائل اجاگر کرنے اور انکے حل کے لئے آگے بڑھنے کے لئے پائیدار ترقی کے اہداف سیکرٹریٹ اور صوبائی ٹاسک فورسز بہترین فورم ہیں‘تازہ ترین ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے تھنک ٹینکس کا اہم کردار ہوتا ہے ‘ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ اور بین الاقوامی شراکت دار موثر قانون سازی کے لئے ڈیٹا فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ‘ ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ اراکین پارلیمنٹ کو بیرون ملک دوروں سے قبل ڈیٹا حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کرتا ہے۔وہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کی پارلیمانی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اجلاس کو تعلیم کے مساوی مواقعوں کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ فروغ تعلیم کے لئے سکول چھوڑ جانے والے ‘معذوری اور مزدوری کے لئے سکول چھوڑنے والے بچوں کو واپس لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ‘فروغ تعلیم میں رکاوٹ بننے والے عناصر بھی ختم کرنے ہونگے۔ ضلعی سطح پر تعلیمی امور سے متعلق منصوبہ بندی کو یقنی بنایا جائے۔ بتایا گیا کہ پنجاب کی سطح پر پنجاب ایجوکیشن اتھارٹیز کا قیام خوش آئند ہے باقی صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنے کی ضرورت ہے۔کمیٹی کی ممبر نفیسہ شاہ نے کہا کہ اساتذہ کی بھرتی کے بعد دور دراز کے اضلاع میں تعیناتی اور ٹرانسفر سے کچھ ایشوز جنم لیتے ہیں ان کا تدارک ہونا ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن