لاہور ہائیکورٹ، متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق سربراہ آصف ہاشمی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق سربراہ آصف ہاشمی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے آصف ہاشمی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق سربراہ کے وکیل نے بتایا کہ نیب نے بے بنیاد الزامات میں چھان بین کیلئے آصف ہاشمی کو گرفتار کیا گیا۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ احتساب عدالت نے آصف ہاشمی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے اور اب ان سے مزید تفتیش کی کوئی ضرورت نہیں ہے. وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ آصف ہاشمی کو سلاخوں کے پیچھے رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ یہ سزا دینے کے مترادف ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ آصف ہاشمی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی 18 مئی کو ہوگی۔