آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی مخالفین کو تگنی کا ناچ نچائے گی: پرویز خٹک
پشاور (آئی این پی) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے،2018 کے انتخابات میں مخالفین کو تگنی کا ناچ نچائیں گے، ان کو اپنی حیثیت کا اندازہ خود لگ جائے گا، صوبہ بھر سے مضبوط امیدوار سامنے لارہے ہیں، تحریک انصاف وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی، اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے، انشاء اللہ آئندہ وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان گزشتہ 22 سالوں سے پاکستان کو ترقی یافتہ دنیا کے مقابلے میںلے جانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ تحریک انصاف کے ایجنڈے کے تحت موجودہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں اپنی ذمہ داری نبھائی اور عوامی خوشحالی کیلئے قابل عمل نظام کی بنیادیں رکھیں، اس ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے نظام کی اصلاح ضروری ہے۔ تعجب کی بات ہے کہ آج نااہل اور کرپٹ نام نہاد سیاستدان بھی خیبر پی کے حکومت کے خلاف باتیں کرتے ہیں انہوں نے اپنے ادوار میں قوم کے مستقبل اور غریب عوام کی کوئی فکر نہیں کی دنیا بدل گئی مگر پیداگیر اپنی روایتی سوچ سے باہر نہیں نکلے، اب وقت آگیا کہ عوام مفاد پرست عناصر کے ہوائی ڈراموں کو مستر د کرکے ایماندار قیادت کو آگے لائیں۔ وہ نوشہرہ کینٹ میں شمولیتی تقریب جبکہ پشتون گڑھی میں جنرل کونسلر حسین اﷲ ایڈوکیٹ کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل، ضلع ناظم لیاقت خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک اور دیگر مقامی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ نوشہرہ کینٹ سے عمران خان اور حیات خان نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پشتون گڑھی سے حسین اﷲ ایڈوکیٹ ، ندیم اﷲ، مقصود خان، گلاب خان، ناظم ویلج کونسل کفایت خان نے پی ٹی آئی سے اپنی وابستگی کا ذکر کرتے کہا کہ وہ پرویز خٹک کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ ہوا میں باتیں نہیںکرتے بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں،اہم ترین مسئلہ اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے ماضی کی کسی حکومت نے بھی نظام پر توجہ نہیں دی بلکہ اُن کی سرپرستی میں رشوت ستانی اور لوٹ مار پنپتی رہی ،سیاستدان اس قوم کے مجرم ہیں جنہوںنے عوامی خدمات کے اداروں کو تباہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر نوشہرہ اور دیگر پسماندہ اضلاع میں حکومت کے اقدامات کا حوالہ بھی دیا ،موجودہ صوبائی حکومت پر تنقید کرنے والے خصوصاً عوامی نیشنل پارٹی کو اپنے دور حکومت میں نوشہرہ نظر نہیں آیا،یہ پانچ سالوں میں زیر تعمیر قاضی حسین احمد ہسپتال کو مکمل نہیں کر سکے۔ صوبائی حکومت نے قاضی حسین احمد ہسپتال کی تکمیل کے علاوہ نوشہرہ کو سیلاب سے محفوظ بنانے کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے حفاظتی پشتوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال، میڈیکل کالج سمیت درجن کے قریب کالجز، ٹیکنکل یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی اور صنعتی بستی جیسے اہم منصوبے نوشہرہ کو دیئے۔ اسی طرح صوبے کے دیگر اضلاع میں کارخانوں کے قیام، یونیورسٹی کیمپسز، کالجز سمیت متعدد ایسے اقدامات کئے گئے ہیںجن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔