مذہب بیزار قوتیں پاکستان پر قابض ہیں: فضل الرحمن
پشاور،کرک (این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت پر مغربی دنیا کی اجارہ داری ہے، آزادی کی باتیں کرنے والے مغربی ایجنڈے کو تقویت دیتے ہیں، ستر سال پاکستان کے بیت چکے ہیں لیکن آج بھی مذہب بیزار قوتیں پاکستان پر قابض ہیں۔ کرک میں غلبہ تہذیب کانفرنس کے جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو پیغام دینا ہے کہ انکی تہذیب نہیں اسلامی نظام کو چاہتے ہیں، بے حیائی کو جوانوں کی خواہشات کا نام دیا جا رہا ہے، اسلام میں سود، شراب، فحاشی کو حرام قرار دیا گیا ہے اور آج ان خرافات کو روشن خیالی سے جوڑا جا رہا ہے، مذہبی لوگ ریاست اور پاکستان سے وفادار ہیں، غلامانہ ذہنیت کی وجہ سے امریکا کی بالادستی قائم ہے، ہمیں کسی سے وفاداری کے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ خیبر پی کے حکومت تعلیمی اداروں پر جنس پرستی کا نشان لگا کر یہودی آقائوں کوخوش کرنا چاہتی ہے،آنے والے الیکشن میں ان یہودی ایجنٹوں کو نکال باہر کرنا ہوگا۔