چمن : رقم کے عوض فروخت کی گئی کراچی کی لڑکی بازیاب، والد گرفتار
چمن(صباح نیوز)صوبہ بلوچستان کے ضلع چمن میں لیویز نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کی رہائشی ایک لڑکی کو بازیاب کرکے اس کے والد کو گرفتار کرلیا۔ لڑکی نے الزام لگایا کہ والد اور بڑے بھائی نے پیسوں کے عوض اسے فروخت کیا تھا۔اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین نے شیلا باغ میں کارروائی کرکے ایک لڑکی کو بازیاب کرایا گیا اور لڑکی کے والد کو گرفتار کرلیا گیا۔لڑکی نے کہا کہ وہ کراچی کی رہائشی ہے اور والد اور بڑے بھائی نے پیسوں کے عوض اسے 65 سالہ شخص کو فروخت کیا تھا۔لڑکی نے بتایا کہ اس کے والد پہلے اسے کوئٹہ اور پھر شیلا باغ لے کر آئے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق لڑکی کے والد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ جس شخص نے لڑکی کو خریدا اس کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔بازیاب ہونے والی لڑکی حسنہ نے کہا ہے کہ والد اور بڑے بھائی نے زبردستی فروخت کیا، مجھے انصاف دلایا جائے،والد کو سخت سزا دی جائے۔ لڑکی کی والدہ نے کہا ہے کہ میری بچی کراچی میں مدرسے میں پڑھتی تھی اس واقعے پر شوہر کو معاف نہیں کروں گی۔