اپریل میں اوکاڑہ ،قصور ،شیخوپوہ کے 80دیہات کو بجلی فراہم کی : پرویز چٹھہ
لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو ریجن میں بجلی کے مظبوط ترسیلی نظام کے لئے تمام فیلڈ فارمیشنز شبانہ روز کاموں میں مصروف عمل ہیں اور بطور ایک صارف دوست کمپنی ہم اعلی پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے محفوظ سپلائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بہتر، پائیداراور معیاری کسٹمر سروسز فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں تاکہ صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کی جاسکیں انہوں نے یہ بات کنسٹرکشن آپریشن کی جانب سے ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے دوران کہی۔ پی ڈی کنسٹرکشن احمد فواد نے وزیراعظم کے SDG پروگرام کے تحت اب تک کی کارکردگی کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اپریل کے مہینے میں ڈسٹرکٹ اوکاڑہ ، ڈسٹرکٹ قصور اور ڈسٹرکٹ شیخوپورہ کے بجلی سے محروم80 دیہاتوں تک ایک مضبوط ترسیلی نظام کے ذریعے بجلی کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کنسٹرکشن کے ٹیموں نے ایک ماہ کے دوران قصور ڈسٹرکٹ کے 70، شیخوپورہ کے 4اور اوکاڑہ ڈسٹرکٹ کے 6 دیہاتوں کو بجلی مہیا کر دی ہے۔ پی ڈی کنسٹرکشن احمد فواد نے بتایا کہ اس پروگرام کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس کے تحت ڈسٹرکٹ اوکاڑہ ، ڈسٹرکٹ قصور اور ڈسٹرکٹ شیخوپورہ اور ڈسٹرکٹ ننکانہ کے کل 549دیہاتوں تک بجلی مہیا کی جانی تھی جبکہ اب تک مجموعی طور پر 420دیہات مستفید ہوچکے ہیں جبکہ 129بجلی سے محروم دیہاتوں تک ایک مضبوط ترسیلی نظام کے ذریعے بجلی کی سہولت فراہم کرنے کا کام 88%فیصد مکمل کرنے کے بعد ٹرانسفارمرز کی تنصیب کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ لیسکو میں سسٹم کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کے پیش نظر وزیراعظم کے SDG پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ ننکانہ، ڈسٹرکٹ اوکاڑہ، ڈسٹرکٹ قصور اور ڈسٹرکٹ شیخوپورہ کے ایسے تمام دیہات جنہیں اب تک بجلی کی سہولت میسر نہیں آسکی ان تک ایک مظبوط ترسیلی نظام کے ذریعے بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے شعبہ کنسٹرکشن آپریشن کی ٹیمیں دن رات مصروف عمل ہیں۔