• news

نوازشریف نے 17وزرائے اعظم پارلیمنٹ‘ صدور کو گھر بھیجنے والی خلائی مخلوق کا ذکر کیا: مریم اورنگزیب

لاہور (خصوصی رپورٹر / کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف اس خلائی مخلوق کا ذکر کر رہے ہیں جس نے 17وزرائے اعظم ، پارلیمنٹ اور صدور کو گھر بھیجا ہے لیکن کچھ چیزیں خلائی مخلوق کے ہاتھ میں نہیں ہوتیں جیسے آئندہ بھی عوام کا مینڈیٹ نواز شریف کے حصے میں آئے گا، منی لانڈرنگ کی اس میڈیا رپورٹ جس کی 2016ءعالمی بینک اور پاکستان کا مرکزی بینک بھی تردید کر چکا ہے اس جعلی خبر پر نیب چیئرمین نے فوری انکوائری کا حکم صادر کر دیا جس سے بہت کچھ واضح ہوتا ہے ،نیب کے 18گواہوں نے شریف خاندان کے حق میں گواہی دی ،ریفرنسز میں توسیع پر توسیع کی درخواستوں کے بعد اب نیب کو خود نواز شریف کے خلاف تمام کیسزکو ختم کرنے کی درخواست دینی چاہئے، احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے بعد اب پارلیمنٹ کے اندر کچھ اصولوں کا تعین ہونا چاہئے تبھی ایسے واقعات کا تدارک ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ احسن اقبال نے ہمیشہ عوام کی خدمت ، پاکستانی عوام سے محبت اور پاکستان کی ترقی کی بات کی ہے۔ احسن اقبال وہ شخصیت ہیں جو ہمیشہ نوازشریف کے ساتھ رہے اور پوری قوم کی دعا ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہوں اور ملک و قوم کی ترقی کے لئے کام جاری رکھیں۔ انہوںنے کہا کہ اس واقعہ کے بعد مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور شخصیات کی جانب سے مذمتی بیان آئے ہیں لیکن اب ہمیں بطور سیاستدان، سول سوسائٹی اور عوام کچھ اصولوں کا تعین کرنا چاہئے کہ کن چیزوں پر سیاست کرنی چاہیے او رکن پر نہیں کرنی چاہیے ۔ پارلیمنٹ کے اندر ان اصولوں پر بات ہونی چاہئے اور رد عمل آنا چاہئے کہ ہمیں ان معاملات میں سیاست اور تنقید نہیں کرنی چاہئے جیسے پروٹوکول اور سکیورٹی ہے ۔ پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف کامیابی سے جنگ لڑی جارہی ہے اور ایسی حساس صورتحال میںسب کو اپنا فرض ادا کرناچاہئے۔ انہوںنے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ جے آئی ٹی بن چکی ہے اور اس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے ۔ میں میڈیا سے درخواست کروں گی کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں اور میڈیا میں ملزم کا ویڈیو بیان بھی آچکا ہے یہ اخلاقی اور قانونی طور پر بھی غلط ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہئے ۔ وہ ایک قاتل ہے اور اس نے وزیر داخلہ پر حملہ کیا ہے اور ایسے موقع پر ایسی کوئی چیز نہیں ہونی چاہئے جو کسی کےلئے نقصان کاباعث بن سکے۔ انہوںنے کہا کہ میں نے پیمرا ، پی بی اے سے بھی بات کی ہے ۔ ملزم کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور وزارت داخلہ خود اس سے آگاہ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جب ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو رائے ونڈ روڈ کی کرپشن کا ریفرنس لایا گیا اب اس جعلی خبر پر تحقیقات کی جارہی ہے ۔ کیا محترم چیف جسٹس آف پاکستان اور چیئرمین نیب سے اس پر کوئی سوال پوچھے گا ۔ تین دفعہ وزیر اعظم منتخب ہونے والے شخص کے خلاف چھ ریفرنسز میں ٹرائل ہو رہا ہے۔ 2018ءمیں بھی عوام ان الزامات کو رد کرتے ہوئے نواز شریف کو مینڈیٹ دیں گے اور مسلم لیگ (ن) کی فتح ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ ملک کے ایٹمی پروگرام، موٹرویز کے جال، گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی، ترقی کرتی معیشت، دم توڑتی دہشتگردی کا جب بھی ذکر ہوگا تو ایک ہی نام لکھا ہوا ہوگا اور وہ نواز شریف کا ہوگا۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن