نیب کی وضاحت ناقابل قبول، غیرقانونی دبائو کا سلسلہ بند ہونا چاہئے: سعد رفیق
لاہور (این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نیب کی وضاحت ناقابل قبول اور قانون و انصاف سے متصادم ہے۔ غیرقانونی دبائو کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف منی لانڈرنگ کے حوالے سے نیب کی جانب سے جاری وضاحتی بیان کا عکس شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کی وضاحت ناقابل قبول اور قانون و انصاف سے متصادم ہے۔غیرقانونی دبائو کا سلسلہ بند ہونا چاہئے اور چیئرمین نیب صورتحال کا نوٹس لیں۔ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے پی ٹی آئی میں انضمام کے حوالے سے سعد رفیق نے کہا کہ حصول اقتدار کیلئے عمران خان نیکوکار ہر غیراخلاقی اور ناجائز عمل کو جائز سمجھتے ہیں۔ آج یہ ایک جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا نعرہ لگانے والے ابن الوقت وڈیرے ہمیشہ اقتدار میں رہ کر اپنا الو سیدھا کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب میں ابن الوقت جاگیرداروں کی بجائے مڈل کلاس کے نظریاتی افراد کو سامنے لائے گی۔