منی لانڈرنگ کا بیان بلنڈر‘ چیئرمین نیب بااصول‘ لگتا مستعفی ہو جائینگے: طلال
لاہور (خصوصی رپورٹر /کامرس رپورٹر) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ لوٹا، لوٹا ہی ہوتا ہے اس کا محاذ چاہے کوئی بھی ہو، بھارت میں منی لانڈرنگ کا بیان دیکر نیب نے بلنڈر کیا ہے، چیئرمین نیب بااصول آدمی ہیں مجھے لگتا ہے وہ اب عہدہ بچانے کی بجائے جلد مستعفی ہو جائیں گے۔ سروسز ہسپتال میں زیر علاج وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں احسن اقبال کے ساتھ ہیں اور وہ روبصحت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبھی جنوبی پنجاب کے نام پر، کبھی بلوچستان کے نام پر لوٹا کریسی، لوٹا بنانے کی بہانہ سازی کی جاتی ہے۔ لوٹا لوٹا ہی ہوتا ہے اس کا محاذ چاہے کوئی بھی ہو۔ لوٹوں نے جانا ہی پی ٹی آئی میں تھا۔ یہ وہ سب ہیں جن کے دادے یا باپ حکومت میں رہے۔ عوام ساری ڈرامہ بازی جانتے ہیں، ان کی جائیدادیں اگر عوام کو دیدیں تو محرومیاں دور ہو سکتی ہیں۔ ان میں باہر کے پڑھے لکھے لوٹے بھی ہیں۔ انہوں نے منی لانڈرنگ کے معاملے پر نیب کے نوٹس بارے سوال کے جواب میں کہا اس سے ہماری بھارت میں جگ ہنسائی ہوئی ہے۔