راولپنڈی اسلام آباد‘ کے پی کے اور آزاد کشمیر میں 5.3 شد ت کا زلزلہ
اسلام آباد (فہیم انور/ نوائے وقت نیوز) راولپنڈی اسلام آباد ’’خیبرپختونخوا‘‘ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں دو روز میں تیسری بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے یہ جھٹکے جمعرات کی شام سات بجے کر آٹھ منٹ پر محسوس کئے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق اس زلزلہ کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.3 تھی اور اس کا مرکز افغانستان/ تاجکستان کے سرحدی علاقے میں 187 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے ڈائریکٹر زاہد رفیع نے راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں دو روز میں تین بار زلزلے کے جھٹکوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان‘ تاجکستان اور آس پاس پہاڑوں کے کئی کلومیٹرزیر زمین ہونے والی تبدیلیوں کے باعث ارتعاش پیدا ہونے سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جاتے ہیں۔ ’’ نوائے وقت‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدھ کی صبح 5.5 کی شدت کے زلزلہ کا مرکز بنوں سے 120 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ بنوں یا پاکستان کے کسی شہر کے آس پاس زلزلے کے مرکز کا ہونا انہونی ہے۔ اس سوال پر کہ کیا اسلام آباد راولپنڈی‘ بالاکوٹ‘ مظفر آباد سمیت پاکستان کا کوئی شہر فالٹ لائن پر ہے؟ انہوں نے جواب دیا کہ ایسا نہیں ہے گزشتہ ایک دو ہزار سالوں میں کوئی ایسی علامات سامنے نہیں آئیں جس سے یہ خدشہ ظاہرہوتا ہے کہ پاکستان کے شہر فالٹ لائن پر ہیں۔