• news

5 خودکشیاں: 2 خواتین، نوجوان نے زہر کھا لیا، عورت اور ذہنی بیمار پنکھے سے لٹک گئے

لاہور/ فیصل آباد/ گوجرانوالہ/ مریدوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) نشتر کالونی کے علاقہ میں 19سالہ نوجوان نے نامعلوم وجوہات پر زہر یلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ بہادر آباد کارہائشی 19سالہ اسامہ درزی کی دکان پر کام کرتا تھا، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب وہ رات گئے گھرآیا اوروہ بستر پر لیٹتے ہی خون کی الٹیاں کرنے لگا جس پر اسے طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی اور ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی نے نامعلوم وجوہات پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کی ہے۔ علاوہ ازیں شیراکوٹ کے علاقے یوسف نگر میں 35 سالہ شخص نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ ورثاء کے مطابق اس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نذیر احمد کے 35سالہ بیٹے محمد بوٹا نے گھر میں خود کو کمرے میں بند کر کے پنکھے سے رسی لٹکا کر گلے میں پھندہ لے کر خودکشی کر لی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی اور ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی ہے۔ پولیس کے مطابق ورثاء اور اہل محلہ کا کہنا ہے کہ متوفی محمد بوٹا کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔ دریں اثناء فیصل آباد کے نواحی تھانہ بلوچنی کے علاقہ 70ر۔ب کی تیس سالہ اریشہ بی بی نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر موت کو گلے لگایا لیا۔ مرنے والی خاتون کے دو ماہ قبل جڑواں بچے پیدا ہوئے تھے جن میں سے ایک بچے کی وفات پر خاتون پریشان رہتی تھی جس پر گزشتہ روز کمرے میں خاتون کی نعش پنکھے سے لٹکتی پائی گئی۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی۔ گوجرانوالہ کے نواحی علاقہ تلونڈی موسیٰ خاں کی 17سالہ (ا) کی اس کے ورثا نے بات نہ ماننے پر سرزنش کی جس سے دلبرداشتہ ہو کر لڑکی نے زہریلی گولیاں کھا لیں تاہم حالت غیر ہونے پر لڑکی کو فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں کچھ دیر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گئی۔ مریدوالہ سے نامہ نگار کے مطابق 199گ ب کی سدرہ کی شادی دو سال قبل 200گ ب کے یٰسین سے ہوئی گزشتہ روز گھر میں جھگڑا ہوگیا جس سے مشتعل ہو کر سدرہ نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں جسے الائیڈ ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔ مقامی پولیس نے ضرروی کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ متوفیہ ایک بچے کی ماں تھی۔

ای پیپر-دی نیشن