پاکستانی اور برطانوی ماہرین صحت نے دنیا کے پہلے ’’اینٹی مائیکروبیل لیٹکس گلوز‘‘ ایجاد کر لئے
لاہور (وقت نیوز) پاکستانی اور برطانوی ماہرین صحت نے ہیلتھ اینڈ ہائی جین کے تعاون سے دنیا کے پہلے ’’اینٹی مائیکروبیل لیٹکس گلوز‘‘ ایجاد کر لئے۔ اس سلسلے میں لندن میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں دنیا بھر سے ماہرین صحت، میڈیا نمائندوں، پاکستان اور ملائشیا کے سفارتکارورں نے شرکت کی۔ ماہرین کا کہنا ہے انٹی مائیکروبیل گلوز دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی ایجاد ہے اس میں موجود لیٹکس ٹیکنالوجی جراثیم کو نہ صرف روکتی ہے بلکہ انہیں ختم کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے جو کہ ہسپتالوں، فوڈ پیکنگ ایریا اور ریستورانوں میں استعمال کیا جا سکے گا۔ عام حالات میں بھی اس کا استعمال انسانی صحت کیلئے مفید ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عامر یونس ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ ہائی جین کا کہنا تھا کہ ’’اینٹی مائیکروبیل لیٹکس گلوز‘‘ کی ایجاد پاکستانی ماہرین صحت کی دنیا میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان کیلئے فخر ہے۔ بعدازاں تقریب سے ملائشیا اور پاکستانی سفارتکاروں نے بھی خطاب کیا۔