پہلے بھی مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ تھا ‘آج بھی ہوں: جاوید ہاشمی
ملتان(آئی این پی)بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے ایک بارپھرجنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کی تحریک چلانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد وسیب کی سرائیکی تنظیموں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرونگا‘ شہبازشریف کوچاہیے کہ وہ صوبے کے قیام کیلئے کمیشن قائم کریں‘ جنوبی پنجاب صوبہ یاانتظامی یونٹ قابل قبول نہیں ہوگا‘ پہلے بھی مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ تھا ‘آج بھی ان کے ساتھ ہوں‘ نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے الزام پر چیئرمین نیب کومستعفی ہو جانا چاہیے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ میں نے ہمیشہ ایشوز کی سیاست کی ہے نیب کاادارہ عیب بن چکاہے جس کااحتساب ہوناچاہیے۔انہوں نے کہا جنوبی پنجاب میں صوبہ محاذ کے لوگوں نے تحریک انصاف میں شامل ہوکر تباہی پھیلادی ہے میں گزشتہ 30سال سے علیحدہ صوبے کا حامی ہوں۔ کیونکہ صوبے کے قیام میں ہی ملک کی بقاہے اور اس وقت اگرچہ بہاولپور، ہزارہ، پوٹھوہاڑ میں صوبے کے قیام کی ڈیمانڈ کامطالبہ کیاجارہاہے لیکن پوری دنیامیں کہیں بھی 12کروڑ کا صوبہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا وسیب آج بھی محرومیوں کا شکار ہے بے روزگاری ،پسماندگی ہمارامقدر بن چکی ہے ان حالات میں میرا یہ عزم ہے کہ میں جنوبی پنجاب میں صوبے کے قیام کی جدوجہد کی جنگ لڑوں گا اور جیت کردکھاؤں گا۔