خیبرپی کے میں18 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے :محکمہ تعلیم کی سروے رپورٹ
پشاور(این این آئی) خیبرپی کے کے محکمہ تعلیم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبے میں 23 فیصد بچے سکول سے باہر ہیں اور اس طرح صوبے کا ہر چوتھا بچہ سکول سے باہر ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبرپی کے کے محکمہ تعلیم نے آؤٹ آف سکول سروے رپورٹ 18-2017 جاری کردی جس میں 43 لاکھ 23 ہزار گھرانوں کا سروے کیا گیا ۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا صوبے میں 23 فیصد بچے سکول سے باہر ہیں جس کے تحت ان کی تعداد 18 لاکھ بنتی ہے اور اس طرح صوبے کا تقریباً ہر چوتھا بچہ سکول سے باہر ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے میں سکول جانے کے عمر کے بچوں کی تعداد 78 لاکھ 31 ہزار ہے جن میں 60 لاکھ 17 ہزار بچے سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔رپورٹ کے مطابق صوبے میں سکول سے باہر بچوں میں 11 لاکھ 88 ہزار لڑکیاں اور 6 لاکھ 12 ہزار لڑکے شامل ہیں ٗ 11 لاکھ 52 ہزار بچے کبھی سکول ہی نہیں گئے اور 6 لاکھ 48 ہزار بچے ایسے ہیں جو سکول چھوڑ گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے میں 14 سال کی عمر میں زیادہ تر لڑکے سکول چھوڑ دیتے ہیں ٗ اس طرح اس عمر میں سکول چھوڑنے والے لڑکوں کی تعداد لڑکیوں سے زیادہ ہے، اس کی بڑی وجہ تعلیم میں عدم دلچسپی، غربت، گھروں سے سکول کی دوری اور روزگار کا حصول ہے۔رپورٹ کے مطابق 5 سے 17 سال تک کے بچے سکول سے باہر ہیں۔ غربت کے باعث ایک تہائی بچوں نے کبھی سکول کا رخ ہی نہیں کیا ۔ ایک تہائی بچے گھر کے قریب سکول نہ ہونے کے باعث داخل نہیں ہوئے۔صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے میں مزید 9 ہزار سے زائد سکولز تعمیر کرنے ہوں گے اور نئے سکولوں کیلئے444 ارب روپے درکار ہیں۔