• news

چیئرمین سینٹ کا قومی اسمبلی ارکان کو الوداعی عشائیہ، منفرد روایت شروع کی: سنجرانی

اسلام آباد (آئی این پی)چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے پارلیمنٹ ہائوس کے دونوں ایوانوں کے ارکان ملکی و قومی مفاد اور عوامی احساسات کے محافظ اور امین ہیں ، ملک کے ایک ایک انچ کی نمائندگی کرنے والے یہ ارکان پارلیمنٹ قانون سازی ، عوامی اورملکی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے قابل عمل حل کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں، موجودہ ارکان قومی اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے عوامی نمائندگی کا فریضہ انتہائی محنت اور جانفشانی سے انجام دیا اور جمہوری اداروں کے استحکام، پارلیمانی جمہوریت کے فروغ اورملکی ترقی کیلئے ایسی روایات قائم کی ہیں جس سے عوام کے جمہوریت اور جمہوری اداروں پر اعتماد میں اضافہ ہوا۔ آئندہ اسمبلی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملکی ترقی اور عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رکھے گی۔ ایوان بالا کے نصف ارکان نے کچھ روز قبل اپنی مدت مکمل کی اور ان کی جگہ نئے ارکان پارلیمنٹ کا حصہ بنے ۔قومی اسمبلی چند روز بعد اپنی مدت مکمل کرنے جارہی ہے ، انتخابات کے بعد ارکان پارلیمنٹ کی نئی مدت کا آغاز جمہوریت کے تسلسل کی جانب ایک اور سنگ میل عبور کرنے کے مترادف ہے،مجھے امید ہے دونوں ایوان نہ صرف ایک دوسرے کے ساتھ پہلے سے زیادہ مستحکم روابط قائم کریں گے بلکہ ملکی ترقی ،عوامی نمائندگی اور وفاقیت کے استحکام کے لئے صوبائی اکائیوں کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ وہ مقا می ہوٹل میں ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں دیئے الوداعی عشائیے سے خطاب کر رہے تھے ۔چیئرمین سینٹ نے کہا آج ایک منفرد روایت کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ دونوں ایوانوں کے مابین پہلے سے موجود بہترین ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جائے۔صدر مملکت ممنون کی یہاں موجودگی سے اس چھت کے نیچے پارلیمنٹ مکمل ہے۔ انہوں نے سپیکرقومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا انہوں نے ہماری دعوت قبول کرکے ایوان بالا کو عزت دی۔ سپیکر قومی اسمبلی ہمیشہ دونوں ایوانوں کے مابین موثر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے کیلئے سرگرم رہے اور قانون سازی کے علاوہ انتظامی امور کے حوالے سے بھی ایوان بالا سے بھر پور تعاون کیا۔

ای پیپر-دی نیشن