• news

گوجرانوالہ: بیڈ نہ ملنے سے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں معمر شخص کو زمین پر لٹا کر ڈر پ لگادی گئی

گوجرنوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ ہسپتال میں غریب مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں، علاج کیلئے آنیوالا معمر شخص بیڈ نہ ملنے کے باعث وارڈ کے باہر ہی زمین پر لیٹ گیا، جبکہ ورثاء گھنٹوں ہاتھ میں ڈرپ پکڑے بیٹھے رہے، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں آئے روز شہر بھر اور گردو نواح کے علاقوں سے آنیوالے مریضوں کی تذلیل کے بے شمار واقعات رونما ہو چکے‘ اسکے باوجود غفلت کی نیند سونے والی ہسپتال انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔ واقعہ فرید ٹائون کے رہائشی 80سالہ خلیل کے ساتھ بھی پیش آگیا۔ ورثاء پتے کی پتھری کے علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال لیکر آئے جہاں پر ڈیوٹی ڈاکٹر نے معمر شخص کو ڈرپ لگا دی مگر بیڈ نہ ملنے کے باعث خلیل وارڈ کے باہر ہی مجبورا زمین پر لیٹ گیا ، اس دوران ورثاء سٹیمڈ کی عدم دستیابی سے گھنٹوں ڈرپ ہاتھ میں پکڑے بیٹھے رہے ،دوسری طرف ڈسٹرکٹ ہسپتال میں انوکھے واقعات سے متعلق میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد صرف چند روز کیلئے ہلچل ہوتی ہے بعدازاں نااہلی کا مظاہرہ دوبارہ شروع ہو جاتا ہے ،جو پنجاب حکومت اور محکمہ ہیلتھ کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن