• news

کرپشن‘ دہشتگردی کیخلاف ہم خیال جماعتیں مشترکہ جدوجہد کریں: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری رمضان المبارک میں وطن واپس پہنچیں گے اور شہر اعتکاف سمیت رمضان المبارک میں خصوصی پروگرام سے خطاب کریں گے، گزشتہ روز کینیڈا میں ڈاکٹر طاہرالقادری سے سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ اشرافیہ کی سلطنت کا مکمل خاتمہ قریب ہے، اقتدار میں آنا تو دور کی بات ان کا کوئی فرد سیاست میں بھی نظر نہیں آئے گا، ظلم اور استحصال کے سیاہ دور کے خاتمے کے بعد ملک کو پٹڑی پر چڑھانے کیلئے ہر شعبہ میں اصلاحات ناگزیر ہیں، چاہتا ہوں اصلاحاتی ایجنڈے کو مکمل کرنے، کرپشن، دہشتگردی کیخلاف ہم خیال جماعتیں مشترکہ جدوجہد کریں۔ اشرافیہ کے سیاہ دور کا اختتام ایک بڑی کامیابی ہے تاہم ملک کو آگے لے جانے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، نظام میں ایسی بنیادی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے کہ کوئی بھی اپنی ناجائز دولت کے بل بوتے پر ریاستی مشینری کو اپنا تابع فرمان بنانے کی جرأت نہ کر سکے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میرے کچھ عرصے سے میڈیکل ٹیسٹ ہورہے تھے جو اس مہینے مکمل ہو گئے ہیں، اسی ماہ وطن واپسی ہو گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اشرافیہ کے کالے کرتوتوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے کارکنان کی جدوجہد کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ای پیپر-دی نیشن