ٹیکسلا : ماں سمیت تین بچیوں کو بیدردی سے قتل کرنیوالا باپ نکلا
ٹیکسلا(این این آئی) خان پور کے علاقے بانڈی میں گھر میں گھس کر ماں اور 3 بچیوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا سفاک قاتل بچیوں کا باپ نکلا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکسلا میں خان پور کے نواحی علاقے بانڈی میں 4 روز قبل نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر ماں اور اس کی 3 بیٹیوں کو قتل کردیا تھا اور جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم پولیس حکام کے مطابق ماں اور 3 معصوم بچیوں کو قتل کرنے والا سفاک قاتل باپ اپنے 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم شوہر شفاقت زمان اور اس کی بیوی صدف اختر کے مابین جائیداد کا تنازع تھا ۔ ملزم ایک سال سے اپنے گھر سے غائب تھا تاہم 4 روز قبل اس نے اپنے چچا زاد بھائیوں کے ہمراہ اپنے ہی گھر میں گھس کر اپنی بیوی صدف، 9 سالہ بیٹی ایمان شہزادی، 7 سالہ زرقا اور 5 سالہ زینب کو بے دردی سے قتل کردیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آئی جی خیبرپی کے نے نوٹس لے کر ڈی پی او سے 3 روز میں رپورٹ طلب کی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شفاقت زمان اور اس کے 3 چچا زاد بھائیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی اور بچیوں کو جائیداد کے لئے قتل کیا ۔