• news

پوری پارٹی نشانے پر‘ نوازشریف کے خلاف روزانہ نیا کیس آجاتا ہے: خواجہ آصف

سیالکوٹ‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے نوازشریف کے خلاف روزانہ نیا کیس سامنے آجاتا ہے۔ نیب نے بغیر تصدیق کے پریس ریلیز جاری کی۔ پوری مسلم لیگ(ن) اس وقت نشانہ پر ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا بیانیہ مزید مضبوط ہورہا ہے کیونکہ سب جانتے ہیں الزامات میں کتنی صداقت ہے۔ آئین وقانون کا احترام کرتے ہیں، الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے وہ کس کے ساتھ ہیں۔ جنوبی پنجاب محاذ والے جب فنڈز لے رہے تھے تب انہیں صوبہ یاد نہیں آیا۔ جنوبی پنجاب کے ووٹرز کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے‘ عوام جنوبی پنجاب محاذ والوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ تحریک انصاف نشست‘ جیتنے والوں کو اکٹھا کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن عمران خان کے ساتھ نہیں۔ نوازشریف کے بیانیے پر کوئی اختلاف نہیں۔ خلائی مخلوق معاملے پر شہبازشریف یا میری رائے مختلف ہوسکتی ہے۔ شاہدخاقان عباسی ایئربلیو کے چیف ایگزیکٹو یا مالک نہیں صرف شیئر ہولڈر ہیں انہیں طلب کیا گیا تو جواب دیں گے۔ ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر اختلافات نہیں۔ نیب نے بغیر کسی تصدیق کے پریس ریلیز جاری کی۔

ای پیپر-دی نیشن