• news

العزیزیہ ریفرنس : واجد ضیاءنے نوازشریف کے مریم کو جاری چیکس کی تفصیلات احتساب عدالت پیش کر دیں

اسلام آباد (این این آئی) شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میں نیب کے گواہ واجد ضیاءنے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے مریم نواز کو جاری کردہ چیکس کی تفصیلات عدالت میں پیش کردیں۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کی ۔استغاثہ کے گواہ واجد ضیاءایون فیلڈ کے بعد العزیزیہ ریفرنس میں بھی مسلسل دوسرے روز بیان قلمبند کروایا ۔واجد ضیاءنے نواز شریف کی جانب سے مریم نواز کو جاری چیکوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 14 اگست 2016 کو نواز شریف نے مریم نواز کو ایک کروڑ 95 لاکھ کا چیک جاری کیا۔واجد ضیاءکے مطابق 13 جون 2015 کو نواز شریف نے مریم نواز کو بارہ ملین اور تین نومبر 2015 کو 2 کروڑ 88 لاکھ کا چیک دیا۔ نیب کے گواہ نے بتایا کہ یکم نومبر 2015 کو نواز شریف نے مریم نواز کو 65 لاکھ،10 مئی 2015 کو دس کروڑ پچاس لاکھ، 21 نومبر 2015 کو 18 لاکھ روپے اور 27 مارچ 2016 کو 40 ملین کا چیک جاری کیا۔ واجد ضیاءکے مطابق نواز شریف کی جانب سے 10 فروری 2016 کو 30 ملین، 14 فروری 2016 کو 50 لاکھ، دس مئی 2016 کو 37 ملین اور 31 جنوری 2017 کو 6 ملین کا چیک مریم صفدر کے نام جاری کیا گیا۔متحدہ عرب امارات سے 28 جون 2017 کو ملنے والے ایم ایل اے کا جواب عدالت میں پیش کیا گیا۔ عربی زبان میں ایم ایل اے کا جواب بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عربی زبان میں موصول ایم ایل اے کے جواب کا ترجمہ ساتھ نہیں تھا جس شخص نے ترجمہ کیا اسے گواہ نہیں بنایا گیا۔نیب پراسیکیوٹر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جمع ہونے کے بعد کا قطری شہزادے کا جواب ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں۔ قطری شہزادے کا جوابی خط 17 جولائی 2017 کو جے آئی ٹی کو موصول ہوا جبکہ اس خط کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنادیا گیا۔نیب نے عدالت میں اضافی دستاویزات جمع کروانے کی درخواست جمع کرائی جس پر فاضل جج محمد بشیر نے کہا کہ نیب کی اس درخواست کو بعد میں دیکھ لیں گے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز گزشتہ روز بھی احتساب عدالت پیش ہوئے۔
احتساب عدالت

ای پیپر-دی نیشن