فوج ریاستی اداروں کے تعاون سے قوم کی خدمت کرتی رہے گی : جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے : آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سرحدوں پر کسی بھی معاندانہ کارروائی کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے یہ بات فارمیشن کمانڈروں سے خطاب میں کہی۔ 76 ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں ہوئی جس میں آرمی کے تمام جنرل آفیسرز نے شرکت کی۔ شرکاءکو خطہ میں سلامتی کی ابھرتی ہوئی صورتحال، ملک کو لاحق خطرات اور چیلنجوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ شرکاءنے ان خطرات کے جواب اور جاری آپریشنوں پر غور کیا۔ آپریشن ردالفساد اور کلیئر کئے گئے علاقوں کی فوج سے سول انتظامیہ کو حوالگی جیسے امور بھی زیر غور آئے۔ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کے شعبہ میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو عوام، سکیورٹی اداروں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے منسوب کیا۔ فوجی دستوں کی حربی تیار ی اور اعلیٰ مورال کی تعریف کی۔ انہوں نے کہ کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ امن کے ساتھ رہنے کی ہماری خواہش کے باوجود سرحدوں پر کسی بھی معاندانہ اور مخالفانہ اقدام کا دندان شکن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ عوام اور سکیورٹی اداروں کی عظیم قربانیوں سے کامیابیاں ملیں۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریاں اور جذبہ قابل تحسین ہے۔ جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور بلند عزائم کو سراہتے ہیں۔ کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک ریاستی ادارے کی حیثیت سے بری فوج دیگر اداروں کے ساتھ مل کر قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس