یونس متین نے شاعری میں عصری حقیقتوں کو بھی ملحوظ خاطر رکھا ہے: شرکا ءکا خطاب
لاہور(کلچرل رپورٹر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراءکیپٹن(ر)عطاءمحمد خان نے شاعریونس متین کے اعزاز میں تقریب میں کہا کہ یونس متین نے شاعری کو تاریخی شعور کےساتھ عصری حقیقتوں کو بھی ملحوظ خاطررکھا ہے۔چیئرمین الحمرا توقیر ناصر نے کہا کہ یونس متین کا شمار ان شعراءمیں ہوتا ہے جن کی شاعری کا بنیادی نقطہ تازہ کاری ہے، وہ سماج کو محسوس کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔ صدارتی خطبہ میں ادیب عطاءالحق قاسمی نے کہا کہ یونس متین کی شعری ہیت کا حسن، بلندو ارفع تخیل، فنکارانہ تکمیل اور معاملات قلب ودانش اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے زندگی بھر لفظ کی حرمت کو سینے سے لگایا اور اس کی شناوری سے دلوں کو سیراب کیا۔
تقریب میں یونس متین نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن عطا محمد خان سمیت تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں یونس متین کے فن و شخصیت پر مقالے پیش کئے گئے۔ تقریب میں نامور شاعر نجیب احمد، خالد غیاث، کنول فیروز، ڈاکٹر شاہدہ دلاور، سرفراز سید کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر محفل مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں نامورشعراءکرام ڈاکٹر غافر شہزاد پروفیسر شفقت رسول مرزا، پروفیسر سخنوز نجمی اور نیاز حسین لکھویرا نے اپنا کلام پیش کیا اور حاضرین سے داد سمیٹی۔