زکریا یونیورسٹی: ڈاکٹر اسحاق فانی برخاست‘ ریکوری کا حکم بھی جاری
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میںسینڈیکیٹ اجلاس پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے سر انجام دیئے۔ سینڈیکیٹ اجلاس میں سلیکشن بورڈ کی تمام سفارشات کی منظوری دی گئی۔ سکول ٹیچرز کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا۔ ڈاکٹر احتشام، ڈاکٹر سجاد اور ڈاکٹر فضہ کی سروسز کو ٹنیورڈ کردیا گیا۔ انجینئر زاہد اقبال اور منزہ بٹ کی سروسز کو ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق بحالی کے احکامات دے دئیے گئے۔ ڈاکٹر سلیم اختر کو بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر ویٹرنری سائنسز ٹنیورڈ کر دیا گیا۔ آفیسر ز کے لیے بھی آف ڈے کی منظور دی گئی۔ فاصلاتی نظام تعلیم میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی پاداش میں ڈاکٹر اسحاق فانی کو برخاست کر تے ہوئے ریکوری کا حکم بھی جاری کر دیا۔