• news

لاہور ہائیکورٹ: عمران، طاہر القادری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض ختم فل بنچ کے ر وبرو پیش کرنے کی ہدایت

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض ختم کر دیا اور درخواست کو فل بنچ کے سامنے سماعت کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق نے مقامی وکیل علم الدین غازی کی درخواست پر بطور اعتراض کیس سماعت کی اور ہائیکورٹ آفس کے اعتراض کو ختم کر دیا۔فاضل عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان اور طاہر القادری کیخلاف درخواست اسی فل بنچ کے سامنے کارروائی کیلئے پیش کی جائے جو اسی نوعیت کے معاملے پر سماعت کر رہا ہے۔درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا 2014 میں دونوںجماعتوں نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا اور دھرنا دینے کیخلاف عدالتی احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی۔ عمران خان اور طاہر القادری کیخلاف عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عمران خان اور طاہر القادری کیخلاف درخواست پر 25 مئی کو فل بنچ کے روبرو سماعت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن