• news

نوازشریف‘ زرداری قوم کے میر جعفر اور میر صادق ہیں‘ عمران : کراچی کیلئے 10 نکات کا اعلان

کراچی (آئی این پی +نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کےلئے دس نکاتی ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں طاقتور میئر لانا پہلا، سرکاری سکولوں کو ٹھیک کرنادوسرا ، صحت کا نظام بہتر کرنا ، پولیس کا نظام بہتر کرنا چوتھا ، شہر کے کاروباری حلقہ اور صنعتکاروں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی پانچواں ، بجلی کا نظام کی درستگی چھٹا ،نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے گراﺅنڈ بنانا ساتواں، کراچی کے ماحولیاتی نظام کی بہتری آٹھواں،سیوریج سسٹم کی بہتری ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی نواں اور سرکلر ریلوے کا نظام لانا دسواں نکتہ ہے ، نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔ تھوڑے دنوں میں وہ اڈیالہ جیل سے تقریریں کرینگے ، نواز شریف نے انٹرویو میں کہا کہ ممبئی حملوں میں ملوث لوگ پاکستان سے گئے تھے ، پوچھتا ہوں چار سال وزیراعظم رہنے کے باوجود ان مجرموں کو کیوں نہیں پکڑا ، وہ مودی کی زبان بول رہاہے، نواز اور زرداری ذاتی مفاد کے لئے ملک کو بھی تباہ کر سکتے ہیں ، فوج نے ماضی میں غلط کام کئے تھے جس پر میں نے سب سے زیادہ تنقید کی تھی کہ فوج کو قبائلی علاقوں میں نہیں جانا چاہیے ،جب فوج کو اپنے لوگوں پر حملے کا حکم دے گی تو وہاں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی تو ہو گی ، فوج کی مخالفت پرمجھے طالبان خان کہا گیا، آج پشتون تحفظ موومنٹ وہی باتیں کہہ رہی ہے جو پہلے میں کہتا تھا ، ہم پاکستان کو عظیم پاکستان بنانے کا خواب پورا کر سکتے ہیں،کرپشن پر قابو پائے بغیرملک ٹھیک نہیں ہو سکتا، بے بی بلاول کہتا ہے عمران کو ووٹ نہ دینا ورنہ یہ دوسرا الطاف بن جائے گا ،بے بی بلاول اپنے والد سے پوچھو راﺅ انوار نے نقیب اللہ کو قتل کیوں کیا ، ہم سندھ میں پولیس کا نظام ٹھیک کرینگے تو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔ہم پاکستان کو عظیم پاکستان بنانے کا خواب پورا کر سکتے ہیں ۔ خدا نے ہمیں موقع دیا ہے ہم اس موقع پر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔ یہ قائد کا پاکستان نہیں ہے ۔ ہمیں مہاجر پٹھان سندھی کی تقسیم ختم کرنی ہو گی ۔ میرے سامنے کراچی تباہ ہو گیا ۔ پاکستان کو تباہ کرنے والا لندن میں بیٹھا ہوا ہے ۔ اندرون سندھ دنیا کا غریب ترین علاقہ بن چکا ہے ۔ یہاں ایک چھوٹا طبقہ امیر ترین ہے ۔سندھ کے حکمران خود تو بہت امیر ہیں مگر غریب مر رہے ہیں ۔ یورپ اور سکینڈی نیون ممالک میں جو جانوروں کے حقوق ہیں یہاں وہ حقوق انسانوں کو بھی نہیں ملتے ۔ غریبوں کے سمندر میں تھوڑے سے امیر ہوں وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا ۔ چائنہ نے 30 سالوں میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے ۔ مدینہ کی ریاست میں ہمارے نبی اکرم محمد نے دنیا کی تاریخ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی ۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں ہمیں کرپشن پر قابو پانا ہے ورنہ یہ ملک کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتا ۔ نواز شریف ، شہباز شریف اور حمزہ شریف کہتے ہیں کہ اگر ہم کرپشن روکیں گے تو ملک کی ترقی رک جائے گی۔ نیب جس صوبے میں بھی کرپشن پر ہاتھ ڈالتی ہے یہ لوگ شور ڈال دیتے ہیں ۔ نیب نے تو میرے اوپر بھی کیسز بنائے ہیں مگر مجھے تو کوئی ڈر نہیں لگ رہا ۔ نیب ہمارے وزراءکو کرپشن پر پکڑے تو ہم ان لوگوں کو پارٹی سے نکال باہر کرینگے ۔ جب میں سکول میں تھا تو تب ہمارے ادارے مضبوط تھے اور ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا مگر آہستہ آہستہ ادارے سیاسی مداخلت سے تباہ کر دیئے گئے اور ملک تنزلی کی طرف گامزن ہو گیا ۔ نواز شریف اور زرداری نے ملک کے ادارے برباد کر دیئے ۔ ہم الیکشن جیت کر کرپشن پر قابو پائیں گے ۔ صرف دبئی میں پاکستانیوں نے 8 ارب ڈالر کی جائیدادیں خریدی ہیں ۔ ملک قرضوں میں ڈوب رہا ہے ۔ زرداری اور نواز شریف خود منی لانڈرنگ کرتے ہیں اس لئے ان کو کیسے روکیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی میں پانی ہی نہیں ہے ۔ یہاں کرپشن مافیا ، لینڈ مافیا ، کسٹم مافیا اور پانی مافیا بیٹھی ہوئی ہے ۔ ان کے تعلقات اوپر تک ہیں ۔ ہم سب سے پہلے کراچی کا ایڈمنسٹریشن سسٹم تبدیل کرینگے اور پھر پورے ملک کا ایڈمنسٹریشن کا نظام بدلیں گے ۔ ہم باہر آدمی کو لے کر آئیں گے ۔ کراچی کے لئے ہمارا تیسرا نکتہ ہے کہ ہم یہاں صحت کا نظام بہتر کریں گے ۔ ہم نے کے پی کے میں بھی صحت کا نظام بہتر کیا ہے ۔ ہم یہاں کا پولیس کا نظام بہتر کرینگے ۔ راﺅ انوار جیسے پولیس افسر ہیں جنہوں نے 440 لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کیا ہے ۔ کاروباری حلقہ اور صنعتکاروں کو مطمئن کرتے ہیں کہ ہم ان کے لئے یہاں خوشگوار ماحول قائم کرینگے ۔ نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے گراﺅنڈ بنائیں گے ۔ کراچی کے ماحولیات کا نظام بہتر کرینگے ۔ کراچی گلوبل وارمنگ میں ساتویں نمبر پر ہے ۔ ہم یہاں سیوریج کا نظام بہتر کریں گے ۔ ہم پینے کا صاف پانی مہیا کریں گے ‘ سرکلر ریلوے کا نظام لائیں گے ۔ اس سے کراچی میں ہیوی ٹریفک کا حل نکل سکتا ہے نوجوانوں کیلئے روزگار کا انتظام کریں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، تھوڑے دنوں میں وہ اڈیالہ جیل سے تقریریں کریگا ۔ نواز شریف نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ممبئی حملوں میں ملوث لوگ پاکستان سے گئے تھے، میں اس سے پوچھتا ہوں کہ چار سال نواز شریف وزیراعظم رہا تب اس نے ان مجرموں کو کیوں نہیں پکڑا ۔ نواز اور زرداری ذاتی مفاد کیلئے ملک کو بھی تباہ کر سکتے ہیں ۔نوازشریف اور زرداری ملک کے میرجعفر اور میر صادق ہیں۔
عمران

ای پیپر-دی نیشن