• news

ملک کو آگے لے جانے کیلئے اداروں کو دائرہ اختیار میں کام کرنا ہوگا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب جیسی ترقی خیبر پی کے میں بھی ہونی چاہئے تھی۔ عمران خان پانچ سال صرف گالی گلوچ، الزام تراشی کے راستے پر چلے، ہمیں کچھ اصولوں کا تعین کر نا ہوگا جن پر سیاست نہیں کر نی چاہئے ¾ جمہوریت، مذہب، تعلیم، صحت جیسے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ ملک کو آگے لے جانے کیلئے تمام اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا ہوگا۔ ہفتہ کو وزارت اطلاعات کی ویب سائٹ WWW.MOIB.GOV.PK کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ وقت کیساتھ ویب سائٹ کے آرکائیو کو مزید بہتر کیا جائیگا ۔ وزارت اطلاعات سے متعلقہ اداروں کی معلومات ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا اور جس سے طلبا بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ویب سائٹ کو دنیا کی نامور لائبریریوں سے منسلک کیا گیا‘ ملکی اور غیر ملکی سیاح بھی ویب سائٹ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نیب میں کسی بھی شکایت کی تحقیقات کا طریقہ کار موجود ہے۔ حکومت کے پاس 31 مئی تک کام کرنے کا مینڈیٹ موجود ہے۔ ہم نے ساڑھے تین سال میں 11ہزار میگاواٹ ریکارڈ بجلی نظام میں شامل کی۔ نوازشریف احتساب عدالت میں 70 بار پیش ہوچکے ہیں۔ جب بھی شب خون مارا گیا جمہوریت اتنی ہی طاقت سے سامنے آئی۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن