یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج پر عملدرآمد کل سے شروع، چاند رات تک جاری رہیگا
کراچی(صباح نیوز)یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکیج پر عملدرآمد کل 14مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے جس پر اطلاق چاند رات تک جاری رہے گا۔رمضان پیکیج کے تحت 1ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، 19 اشیائے ضروریہ پر 4سے 50 روپے تک سبسڈی دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی سٹورپر رمضان پیکج میں آٹے پر 4اور چینی پر فی کلو 5 روپے سبسڈی، گھی پر 15روپے اور آئل پر 10روپے فی کلو سبسڈی، دال چنا 20 روپے اور دال مونگ پر 15روپے فی کلو ،دال ماش 10 روپے اور دال مسور پر بھی 10روپے، سفید چنے 25 روپے، بیسن پر فی کلو 20 روپے، کھجور پر 30 روپے، باسمتی چاول پر 15روپے، سیلا چاول پر 15 روپے، ٹوٹا چاول پر بھی 15 روپے فی کلو سبسڈی، مشروبات کے 1500 ملی لٹر بوتل پر 15 روپے ، 800 ملی لٹر بوتل پر 10 روپے، چائے پر 50 روپے اور دودھ پر 15 روپے، مصالحہ جات پر 10 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔رمضان پیکیج کے تحت گھی پر سب سے زیادہ 45 کروڑ روپے ،آٹے اور چینی پر 20، 20 کروڑ روپے، آئل پر 20 کروڑ اور چائے پر 15 کروڑ روپے، سفید چنے اور بیسن پر 5،5 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی جبکہ میڈیا پر پیکیج کی آگاہی مہم کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔