بھارتی آرمی چیف کیا جانیں‘ آزادی کی تحریکیں بندو ق سے ختم نہیں ہوتیں: علی گیلانی
سری نگر (نیٹ نیوز+ اے این این) حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کو مسئلہ کشمیر کی سمجھ ہی نہیں، ہم مہم نہیں تحریک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو پتا ہی نہیں کہ آزادی کی تحریکیں بندوق کی گولی سیختم نہیں ہوتیں۔ کشمیری عوام بے حد اصولی اور جائز تحریک کے ساتھ ہیں۔ بھارتی آرمی چیف ہمیں مٹھی بھر نہ سمجھیں ایک قوم کی حیثیت سے جدوجہد ترک کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ اپنے کٹھ پتلی جلاد کشمیر بھیجے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ دن قبل بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کہا تھا کہ بڑی تعداد میں کشمیری نوجوان ناراض ہیں اور اسلحہ اٹھا رہے ہیں لیکن آزادی ان کے لئے ممکن نہیں۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں چیک پوسٹ پر حملے اور جھڑپ میں دو اہلکار ہلاک ،مختلف علاقوں میں جھڑپیں ،متعدد افراد زخمی ہو گئے۔وادی میں کشیدگی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے وڈون سویہ بگ میں جنگجوؤں نے ریاستی پولیس کی ایک حفاظتی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا۔ دریں اثنا موصولہ اطلاعات کے مطابق وڈون میں جنگجووں کے حملے کے بعد احتجاجی مظاہرین کی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔ فورسزنے محاصرے کے بعد مالک مکان اور انکے بیٹے کو حراست میں لیا ہے۔ ادھر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں تصادم آرائی میں ایک سی آر پی ایف اہلکار ہلاک ہوگیا جبکہ جھڑپ میں محصور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ جھڑپ میں ایک بشیر احمد عام شہری کندھے میں گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔ مارے گئے اہلکار کی شناخت مندیپ کمار کے بطور ہوئی ہے ۔دریں اثناء مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے مزاحمتی قیادت کو لگاتار تھانہ و خانہ نظر بندرکھنے ، جنوبی کشمیر کے متاثرہ اضلاع کے ساتھ ساتھ شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں بندشوں اور قدغنوں کے نفاذ اور مرکزی جامع مسجد سرینگر کو مقفل رکھ کر مسلمانان کشمیر کو نماز جمعہ جیسے اہم فریضہ الٰہی سے طاقت کے بل پر روکنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف نہتے کشمیریوں کے قتل و غارت کا سلسلہ دراز کیا جارہا ہے اور دوسری طرف ان مظالم اور تشدد کیخلاف پر امن احتجاج کرنے پر بھی طاقت کے بل پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ شہذا منانے کا اعلان کر دیا گیا۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ 16 سے 21 مئی تک شہذا کی یاد میں ہفتہ شہدا منایا جائے گا۔ ہم مقصد حاصل کرنے تک ثابت قدم رہیں گے۔