رائو انوار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی شکایات ہیں: ڈی جی نیب کراچی
حیدرآباد(نمائندہ نوائے وقت)ڈی جی نیب کراچی محمد الطاف باوانی نے کہا ہے کہ و ائٹ کالر کرائم کو پکڑنا آسان نہیں ہے ، ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کسی کے خلاف کاروائی کی جاتی ہے ، راؤ انوار سے متعلق کوئی شکایت نہیں آئی جبکہ پیر مظہر الحق کیخلاف ابھی6ریفرنسز موجود ہیں یہ تاثر قطعی غلط ہے کہ ہم نے کسی کو رعایت دی ہے ، 361 غیر قانونی تقرریوں کی شکایت ملی تو وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی طلب کیا گیا ،حیدرآباد میں سب سے زیادہ شکایات حیسکو کے خلاف آئی ہیں۔وہ حیدرآباد میں کھلی کچہری کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے انہوں نے کہاکہ نیب سندھ کراچی بیورو کرپشن کے خلاف مسلسل اقدامات اٹھا رہا ہے اس میں ہمیں کامیابیاں بھی ملیں کھلی کچہری چیئرمین نیب کی ہدایت پر منعقد کی جارہی ہیں نیب کراچی کا دائرہ کار زیریں سندھ ہے اس لیے حیدرآباد ریجن اور میرپورخاص ڈویژن کے اضلاع کی عوام کی سہولت کے لیے ہم نے سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں اپنی ٹیم کے ہمراہ یہ دوسری کھلی کچہری کی ہے جس میں شکایات کے انبار لگ گئے ہیں۔