بلاول نوجوانوں کے حقیقی لیڈر ،باقی سب ایکٹنگ کررہے ہیں:رحمن ملک
اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ہی نوجوانوں کے حقیقی لیڈر اور نمائندہ ہیں ۔ باقی سارے نام نہاد اور نوجوانوں کا نمائندہ بننے کی ایکٹنگ کرتے ہیں جبکہ آئندہ عام انتخابات میں نوجوانوں سمیت پوری قوم تیر کے نشان پرمہر لگا کر پیپلزپارٹی کو کامیاب بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ و سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ 12 مئی کے جلسے کا مقام تبدیل کرنے کے لئے جس بہادری ، برداشت اور بردباری کا ثبوت پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دیا ہے دوسرے لیڈر بھی ان کی پیروی کریں جبکہ عمر رسیدہ دیگر سیاسی لیڈر سٹیج پر جا کر نوجوانوں کی نمائندگی کی ایکٹنگ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے حقوق کے لئے سب سے زیادہ کام ہماری جماعت نے کیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے تحریک انصاف میں شمولیت کو موسمی پرندوں کی اڑان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارتوں اور فوائد کے خواہشمند وقتاً فوقتاً جماعتیں تبدیل کرتے رہتے ہیں ۔ عوام ان کا الیکشن میں احتساب کریں گے ۔ رحمان ملک نے پاکستان میں امریکی سفارتکاروں پر پابندیوں کے بارے میں کہاکہ یہ عالمی معیار کا طے شدہ اور پہلے سے لاگو طریقہ کار ہے کہ جیسا سلوک دوسرے ممالک ہمارے سفارتی عملے کے ساتھ کریں گے ویسا ہی ان کے سفارتکاروں کے ساتھ بھی کیا جائے گا ۔