بحران کا حل بروقت اور شفاف الیکشن ہیں: سعد رفیق
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور قومی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے سے متعلق حقائق سکیورٹی ایجنسیاں بہتر طور پر تبا سکتی ہیں۔ بر وقت انتخابات میں لوگ فیصلہ کریں گے کہ آئندہ حکومت کس کی ہو۔ نواز شریف کا بیانیہ دن بدن مقبول ہو رہا ہے اگر کوئی سمجھتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ختم ہو جائیگی تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔ وہ احسن اقبال کی عیادت کرنے کے بعد سروسز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ احسن اقبال جیسے لوگ اگر حملوں سے محفوظ نہیں تو پھر پاکستان میں کون محفوظ ہے یہ سوال عوامی اور سیاسی حلقوں میں بجا طورپر گردن کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احسن اقبال پر حملے کا دکھ ہوا ہے اور سب نے ہی اس دکھ کو محسوس کیا ہے۔ کہتے ہیں کہ کسی کو گالی مت دو جب لیڈر اپنے کارکنوں کو مار پیٹ پر اکسائیں گے تو حالات خراب ہوں گے ۔ نواز شریف کے بیانیے میں صداقت ہے ہمیں کسی سے بدلہ یا انتقام نہیں لینا، سب اپنے لوگ ہیں جو بحران پیدا کیا گیا ہے اس کا حل بروقت اور شفاف الیکشن ہیں۔ ہماری سوچ ہے کہ سب مخالفین کواکٹھا کریں اور قومی ایجنڈا بنائیں۔