• news

جنوبی پنجاب محاذ 8 روز میں غائب، عمران کی 100 دن میں صوبہ والی بات مذاق: جاوید ہاشمی

ملتان (اے این این ) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ 12 مئی کو کراچی میں خون کی ہولی کھیلی گئی ،سب کو انصاف دلوانیوالے چیف جسٹس سے مطالبہ کرتا ہوں 12 مئی کو شہید ہونے والوں کے ورثا کو بھی انصاف دلوائیں۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا12 مئی کے روز چیف جسٹس افتخار چوہدری کو کراچی میں پاؤں رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، سانحے کے ذمہ دار ڈکٹیٹرکو آزاد کردیا گیا۔ آج پھر عدلیہ کے حالات سنگین ہیں۔ہم شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، یہاں عدلیہ کو زنجیریں ڈالی جاتی ہیں ۔ہمارے ملک میں قانون طاقتور لوگوں کیخلاف کبھی حرکت میں نہیں آتا۔ مہران بنک سکینڈل کے حوالے سے میری ایک ایک چیز کا احتساب ہوا، مجھے 4 سال جیل میں رکھ کر تشدد کرکے احتساب کیا گیا، مجھے ٹارچر کر کے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ریکارڈ کے مطابق پیسے الیکشن کے بعد دئیے گئے۔یہ لوگ مجھے کتی بار بدنام کرینگے،میرے پاس سب ثبوت ہیں ۔میرے کیس میں واحد معاملہ ہے کہ نیب نے کسی سیاستدان کو بری کیا۔ انکا کہنا تھا کہ نیب نے اصغرخان کیس میں مجھے کلین چٹ دی، صرف پنجاب ہی نہیں دیگر صوبوں میں سے بھی چھوٹے صوبے بننے چاہیں، جنوبی پنجاب صوبہ محاذ والے تو آٹھ روز میں ہی غائب ہوگئے، عمران خان کی سو دنوں میں صوبہ بنانے کی بات مذاق ہے۔ نئے صوبے بننے سے پنجاب سندھ یا کے پی کے تقسیم نہیں ہوگا۔ جلسوں سے سیٹ نہیں نکلتی کام کرنے پڑتے ہیں تب ووٹ ملتے ہیں۔ میں نے عمران خان کی بہت سی چیزوں کو اپنی گناہ گار آنکھوں سے دیکھا ہے۔ اپنی مرضی سے تحریک انصاف کو چھوڑا عمران خان کی کیا جرأت تھی کی مجھے پارٹی سے نکالتا۔ میں ن لیگ میں شامل ہو گیا ہوں ،بھر پور ساتھ دینے پر اہل ملتان کا شکر گزار ہوں ۔ چودھری نثار ن لیگ کے لئے اہم ہیں وہ پارٹی کی ضرورت ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن