کجریوال پر دہلی کی سکیورٹی چین کے پاس گروی رکھنے کا الزام
دہلی (اے پی پی) کانگریس نے اروند کجریوال حکومت پر سی سی ٹی وی منصوبے کے ذریعے دہلی کی سکیورٹی پیسے کے لئے چین کو گروی دینے کا الزام لگاتے ہوئے فوری طور پر ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ دہلی کانگریس کے صدر اجے ماکن نے کہا کہ کجریوال حکومت نے تمام قوانین کو بالائے طاق رکھ کر دارالحکومت میں ڈیڑھ لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا کام چین کی سرکاری کمپنی کو دیا ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے پوری دہلی کے ہرایک چپے کی معلومات چین کو آسانی سے حاصل ہوں گی جو ملک کی سلامتی کے لئے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کجریوال آج استعفیٰ نہیں دیتے تو دہلی کانگریس ان کی سرکاری رہائش کا گھیراؤ کرے گی اور سی سی ٹی وی گھوٹالہ کے لئے تحریک شروع کرے گی۔