نواز‘ عمران نے الیکشن کو مشکوک بنا دیا : سراج الحق ‘ آئندہ حکومت ہماری ہو گی : فضل الرحمن
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مولانا فضل الرحمن نے لاہور میں مینار پاکستان پر ایم ایم اے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آزاد اور شفاف حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ آنے والا الیکشن مذہب سے بیزار لوگوں کو نہیں دینا، مینار پاکستان پر جلسہ کرنیوالے 10ہزار کے جلسے کو ایک لاکھ کہہ رہے تھے، ملک سے عالمی قوتوں کی سیاست ختم کرناچاہتے ہیں سال 2018ءکا الیکشن جیتنے کے چیلنج کو پورا کریں گے۔ آئندہ حکومت ہماری ہوگی، امت مسلمہ پر آگ برسائی جا رہی ہے، ستر سال تم نے حکومت کی مینار پاکستان آپ کے جھوٹ کی گواہی دے رہا ہے۔ پاکستان کو آزاد فلاحی ریاست بنائیں گے۔ آج سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا ہے، شام میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ تم نے افغانستان، عراق، لیبیا، شام کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، سعودی عرب پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ مغربی تہذیب نے اسلامی تہذیب پر یلغار کر دی ہے۔تم انگریز کی غلامی کو آزادی کہتے ہو ہم اللہ کی بندگی کو آزادی کہتے ہیں۔ آزادی جسے کہتے ہیں ہمیں پتہ ہے۔ تہذیب ہر قوم کا اثاثہ ہوتی ہے۔ انسانیت کے حقوق محفوظ ہونے تک کوئی چیز امن کی ضمانت نہیں دے سکتی۔ سعودی عرب اور ایران کو لڑانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ ہماری معیشت پر آئی ایم ایف اور عالمی بنک کا قبضہ ہوتا جا رہا ہے۔ سعودی عرب اور ایران کو لڑانے کی باتیں کی جا رہی ہیں، ہمارا بجٹ آئی ایم ایف کا پاکستان ڈیسک منظور کرتا ہے۔ امت مسلمہ کو جنگوں کا ایندھن بنایا جا رہا ہے۔ یو این چارٹر اور انسانی حقوق کی کنونشن جنیوا ہمارے انسانی حقوق کنٹرول کر رہے ہیں ہم آئی ایم ایف کے بنائے بجٹ کو اسمبلیوں میں پڑھ کر سنا دیتے ہیں۔ بین الاقوامی آرڈر کے تحت یہاں قانون بنایا گیا کہ 18سال کے بعد جنس تبدیل کی جا سکتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مینار پاکستان پر ایم ایم اے کے جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ مینار پاکستان کہہ رہا ہے اسلامی پاکستان بناﺅ، پاکستان میں نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے لڑیں گے، دینی جماعتوں کے اکٹھے ہونے پر کچھ لوگ پریشان ہیں، دینی جماعتوں کے اکٹھے ہونے پر امریکی ایجنٹ پریشان ہیں۔ ہم ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے لڑیں گے۔ مینار پاکستان گواہ ہے 70 سال ہو گئے مگر اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا۔ پنجاب میں اس سے بڑا گراﺅنڈ ہوتا تو وہ بھی ہم بھر دیتے۔ میرے اس قافلے میں کوئی آف شور کمپنی والا اور پانامہ کی دیوار نہیں ہے۔ ہمارا پہلا پروگرام دیکھ کر لوگوں کے رنگ اڑ گئے۔ پاکستان کو پرامن ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ ایم ایم اے پوری قوم کی آواز ہے۔ بھارت، جہلم، ستلج، چناب کا پانی پی رہا ہے، حکمران خاموش ہیں۔ ہمارے حکمران ملک کے جغرافیہ کی حفاظت کر سکے نہ نظریہ کی۔ میری لڑائی کسی فرد یا خاندان کیخلاف نہیں، ظلم کیخلاف ہے۔ ظالم مولوی ہو یا بیوروکریٹ ہم مخالفت کریں گے۔ ہماری لڑائی بھوک، افلاس اور غربت کیخلاف ہے۔ اس ملک کیلئے لاکھوں جانوں کی قربانی دی۔ کروڑوں مسلمانوں نے ہجرت کے نام پر جانوں کی قربانی دی۔ آج ہمارے اتحاد سے مودی کے یار پریشان ہیں۔ میرے مذہب میں روٹی، کپڑے، تعلیم کے مسئلے کا حل ہے۔ اللہ کی طرح اس کا نظام بھی لاشریک ہے۔ پاکستان میں جمہوریت چاہئے نہ کوئی ازم بس اسلام کافی ہے۔ لوگ پریشان ہیں کہ یہ متحد کیوں ہو گئے، ہم اس لئے متحدہ ہوئے ہیں تاکہ نیا پاکستان نہ بنے۔ وطن میں امن قائم ہو سکے۔ پاکستان کو خوشحال ریاست بنانے کیلئے ہم متحد ہوئے۔ ہمارے قافلے میں صرف غلامان مصطفی ہیں۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ آج اسلامی ممالک کو بھی متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کی امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ بیت المقدس کی آزادی کےلئے ہر مسلمان سربکف ہے۔ پاکستان امریکہ کا قبرستان ہے۔ حکمرانوں نے کشمیر کےلئے کچھ نہیں کیا۔ افسوس آصفہ بی بی کے ساتھ کشمیر میں زیادتی ہوئی کسی نے آواز نہیں اٹھائی۔ ترکی، ملائیشیاءاور پاکستان مل کر فلسطین کو آزاد کروائیں گے۔ کرپٹ سیاستدان ہماری دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کر لیتے ہیں۔ کرپٹ اشرافیہ نے 2کھرب کی پراپرٹی دبئی میں خریدی۔ غریب باہر سے کما کر لاتے ہیں یہ لوٹ کر باہر بھجوا دیتے ہیں۔ میں نے سیاست ٹرمپ سے نہیں، محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے سیکھی کرپٹ لوگوں کو کسی پارٹی میں جگہ نہیں ملنی چاہئے۔ ملک میں خالص دوائی ملتی ہے نہ پانی دستیاب ہے۔ ایم ایم اے چاہتی ہے شہریوں کو انصاف ملے۔ ہم اقتدار میں آ کر عام آدمی کےلئے اقتدار کے دروازے کھول دینگے۔ ہم عام پاکستانی ہیں ہم مزدور کا مسئلہ جانتے ہیں۔ بجٹ میں 2221 ارب سود کی ادائیگی کےلئے رکھے گئے تھے۔ اقتدار ملا تو سود کا خاتمہ کر دینگے۔ ملک میں زکوٰة کا نظام نافذ کریں گے۔ حکومت کوئی بھی ہو ملک کا بجٹ ایک ہی ٹیم بناتی ہے۔ ہم غیر منصفانہ ٹیکس کا نظام ختم کرینگے۔ پاکستان میں بہت جلد کوئی زکوٰة لینے والا نہیں ہو گا۔ کروڑ پتی سے مزدور کے برابر ٹیکس لیا جاتا ہے۔ ہم موجودہ نظام معیشت کو نہیں مانتے عوام روشن پاکستان کےلئے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں، نواز شریف اور عمران خان نے فوج کی مداخلت کا دعویٰ کرکے الیکشن کو مشکوک بنادیا۔ دونوں کے بیانات سے عوام کا الیکشن پر سے اعتماد اٹھ گیا۔ ہم برداشت اور ترقی کی سیاست چاہتے ہیں۔ مارشل لاءملک کے مسائل کا حل نہیں۔ ہمیں آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا گیا بطور وزیر خزانہ ایم ایم اے، میں نے 6بجٹ پیش کئے۔ ایم ایم اے کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے مینار پاکستان پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا اجتماع ریفرنڈم ہے، آنے والی حکومت ایم ایم اے کی ہو گی۔ تعلیم عام کریں گے، ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، قرضے لیکر معاف کرانے والوں کو جیل میں ڈالنا چاہئے۔ متحدہ مجلس عمل کے مینار پاکستان میں جلسہ میں ایم ایم اے کے مرکزی نائب صدر و مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر شریک نہیں ہوئے ان کی نمائندگی ان کی جماعت کے رہنما رانا شفیق پسروری نے کی۔ ایم ایم اے ترجمان نے بتایا کہ پروفیسر ساجد میر بیرون ملک ہونے کے باعث شریک نہیں ہوئے تاہم وہ آئندہ سربراہی اجلاس میں شریک ہونگے۔ امیرجماعت اسلامی پنجاب و صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاکہ پنجاب کے عوام اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ بنیں گے ۔ سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ اور دیگر رہنماﺅں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔نائب صدر ایم ایم اے پیر اعجاز ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ایک بھگوڑا مکا لہرا کر کہتا تھاکہ دینی جماعتوں کی حیثیت ہی کیاہے وہ آج ملک سے بھاگ گیا ہے اور اس کے لیے ملک میں آنا خواب بن چکاہے ۔ نائب صدر ایم ایم اے علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ پاکستان آج نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ استعماری قوتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں۔ ایم ایم اے فلسطین اور کشمیر کی آزادی چاہتی ہے۔ صاحبزادہ شاہ محمد انس نورانی نے کہاکہ پاکستان کو اسلامی جمہوری اور فلاحی ریاست بنانا متحدہ مجلس عمل کی جدوجہد کا پہلا نقطہ ہے اسلامی قیادت کی اس وقت سیکولر قوتوں سے جنگ ہے قوم متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دے۔ رانا شفیق احمد پسروری نے کہاکہ آج پاکستانی سیاست کے اندر ایک گندہ کھیل کھیلا جارہاہے اور جلسوں میں قوم کی بیٹیوں کو نچایا جارہاہے ۔ آج ایک شخص پاکستانی اداروں کے خلاف بھارت کی زبان بول رہاہے ۔ اسلامی تحریک کے مرکزی رہنما علامہ عارف واحدی، امیر جماعت اسلامی خیبر پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، مولانا گل نصیب خان، ایم ایم صوبہ سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو، نائب صدر ایم ایم اے پنجاب، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ ریاض الرحمن یزدانی، ایم ایم اے کے نائب صدر و جے یو پی پنجاب کے صدر نور احمد سیال، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما علامہ ابتسام الٰہی نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔
ایم ایم اے /جلسہ