• news

’’ویمن آن ویل‘‘ 700خواتین کو موٹر سائیکلیں مل گئیں

لاہور (پ ر) صوبائی وزیر ایکسائز و اطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ بااختیار اور باوقار خواتین کی بدولت ہی کوئی معاشرہ ترقی یافتہ معاشرہ کہلاتا ہے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کی بہبود، تحفظ اور ہر شعبے میں نمائندگی کیلئے قانون سازی اور عملی اقدامات میں باقی تمام صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ویمن آن وہیل پروگرام کے ذریعے خواتین کو سستے داموں موٹر سائیکلوں کی فراہمی اور ان کی پنجاب ٹریفک پولیس کے ذریعے ٹریننگ کا موثر انتظام کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت ان خواتین کو صرف موٹر سائیکلیں ہی فراہم نہیں کر رہی بلکہ سڑکوں پر دوران سواری ان کی حفاظت کا بھی بہترین بندوبست کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج الحمرا ہال میں چیف منسٹر سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ کے زیر اہتمام خواتین کو سماجی و معاشی طور پر خودمختار بنانے کیلئے موٹر سائیکلیں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اپنے خطاب میں قرعہ اندازی کے ذریعے موٹر سائیکلیں حاصل کرنے والی 700 خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ویمن آن وہیلز کے پہلے مرحلے میں پانچ اضلاع لاہور، ملتان، سرگودھا، راولپنڈی اور فیصل آباد میں تین ہزار خواتین کو موٹر سائیکلیں دی جا رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن