مسلم لیگ ن، پی پی سے چھٹکارا کے بغیر تبدیلی نہیں لائی جا سکتی: مشرف
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان عوامی اتحاد کے سربراہ اور سابق صدر مملکت جنرل (ر) سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت سنگین خطرات کا سامنا ہے ۔ دشمن ملک کے خلاف سازش کر رہا ہے۔ ان کا مقابلہ قوم متحد ہو کر ہی کر سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر ملک میں تبدیلی نہیں لائی جا سکتی۔ انہوں نے ہزارہ اور سرائیکی صوبے سمیت ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے مسائل حل ہوں گے۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے عملی اقدام فوری کیا جائے۔ کراچی تمام قوموں کا شہر ہے۔ مہاجر اپنے آپ کو تنہا مت سمجھیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور تیسری سیاسی قوت کی صورت میں عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نشتر پارک میں پاکستان عوامی اتحاد کے تحت منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امان اللہ پراچہ، ثروت اعجاز قادری، سردار عتیق احمد خان، ریاض فتیانہ علامہ زبیر احمد ظہیر، اقبال ڈار اور اے پی ایم ایل کے ڈاکٹر محمد امجد، مہرین ملک اور دیگر رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب کو پاکستان کی صورت حال کا پتہ ہے۔ پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ پاکستان ایک بھنور میں پھنسا ہوا ہے۔ پاکستان کہہ رہا ہے کہ مجھے بچاؤ۔ ملک کے قرضے بڑھ گئے ہیں۔ معیشت تباہ ہو گئی ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری بند ہو گئی ہے۔ پاکستان میں ترقی نہیں ہو رہی ہے۔ عوام کی خوش حالی نہیں ہے۔ ملک میں کرپشن اور اقربا پروری کا راج ہے۔ حکمرانوں نے اپنے لوگوں کو نوازا ہے اور پاکستان کو تباہی سے دوچار کیا ہے۔ دنیا پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کر رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان تناہ ہو رہا ہے۔ موجودہ صورت حال کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو آزمائش سے نکالنے اور اسے پٹڑی پر لانے کے لیے ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔ 1999 میں پاکستان کو تباہی سے بچاکر سیدھی پٹڑی پر گامزن کیا۔ کراچی میں نہ بجلی نہ پانی ہے ۔ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ کراچی کے مسائل کو حل ہونا چاہئے۔ کراچی کی روشنیاں بحال کریں گے۔