• news

سوشل میڈیا کی طاقت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے زیر اہتمام خبر رساں اداروں کے مابین اشتراک کار کے فروغ کیلئے ’’پاکستان کا میڈیا: مواقع اور چیلنجز‘‘ کے عنوان سے 2 روزہ ’’انٹرنیشنل کانفرنس آف نیوز ایجنسیز‘‘ (آئی سی این اے) شروع ہو گئی۔ کانفرنس کا افتتاح وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کیا۔ قومی سلامتی کے مشیر لیٹفیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ قائم مقام سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات شفقت جلیل‘ وزارت اطلاعات و نشریات اور اے پی پی کے حکام بھی موجود تھے۔ آئی سی این اے میں چین، انڈونیشیا، آذربائیجان، ایران، رومانیہ، اومان، بلغاریہ، ترکی، مصر، قازقستان، لبنان، سوڈان، تیونس، سعودی عرب اور شام سمیت 18 ممالک سے 22 مندوبین شریک ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مینجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) مسعود احمد ملک نے کہا جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجیز اور کمیونیکیشن سسٹم کی وجہ سے دنیا تیزی سے گلوبل ویلج میں تبدیل ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا امریکا نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کا خاتمہ کیا جس پر طالبان نے امریکا اور عالمی برادری کو غاصب قرار دیا۔ آج بھی طالبان اس جنگ کو اپنے وطن کی آزادی کی جنگ کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ہم پر طالبان کی حمایت اور طالبان ہم پر امریکا کی حمایت کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر پاکستان امریکا کا اتحادی نہ بنتا تو کیا آج افغانستان آزاد ہوتا، اگر سوویت یونین قائم رہتا تو کیا دیوار برلن گرتی، کیا 14 ممالک آزادی حاصل کرتے، کیا امریکا سوویت یونین کی موجودگی میں سپر پاور بنتا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دے کر کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان پر ڈبل گیم کا الزام لگانے کی بجائے عالمی برادری کو ان قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہئے۔ وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہا موجودہ پارلیمنٹ نے اطلاعات تک رسائی قانون کی منظوری دی، جمہوریت متواتر دس سال پورے کرنے جا رہی ہے، جولائی میں عام انتخابات منعقد ہوں گے، الیکٹرانک میڈیا کے ناظرین کی توجہ اور پسند میں تبدیلی آ رہی ہے، سوشل میڈیا کی طاقت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، وقت کے ساتھ ساتھ پاکستانی میڈیا مزید ذمہ دار اور میچور ہو رہا ہے، میڈیا کو خود احتسابی کا عمل جاری رکھنا چاہئے، جنوبی ایشیا کا میڈیا خطے کے امن کیلئے کردار ادا کرے۔ انٹرنیشنل نیوز ایجنسیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، میڈیا کا پالیسی اور قانون سازی میں اہم کردار ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں پارلیمنٹ نے انتہائی فعال کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ پارلیمنٹ نے اطلاعات تک رسائی قانون کی منظوری دی، ملک میں جمہوریت متواتر دس سال پورے کرنے جا رہی ہے۔ جولائی میں عام انتخابات منعقد ہوں گے انہوں نے کہاکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا بھی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ پارلیمنٹ مختلف اقسام کی قانون سازی کر رہی ہے۔ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے قائم مقام سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل نے کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت آزاد ذرائع ابلاغ کا بہت بڑا نیٹ ورک کام کر رہا ہے 100سے زائد ٹی وی چینلز‘ 20سے زائد ریڈیو سٹیشنز‘ 2 ہزار سے زائد اخبارات اور جرائد ہیں جو کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کر دار ادا کررہے ہیں‘ موجودہ صدی کو بجا طور پرمیڈیا کا زمانہ کہا جاسکتا ہے کیونکہ میڈیا سے زیادہ کسی اور چیز نے ہماری زندگیوں کو متاثر نہیںکیا۔ اخبار، ٹیلی ویژن، ریڈیو اور میگزین اپنی افادیت کھو رہے ہیں اور سوشل میڈیا کی حکمرانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن