امریکہ دنیا میں جنگوں، دہشت گردی تباہی پھیلانے میں ملوث، سفارتخانہ منتقلی کا فیصلہ غیرقانونی ہے: راجہ ناصر عباس
کراچی (نیوز رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین کے قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں یوم مردہ باد امریکہ کے سلسلے کی مرکزی ریلی قائداعظم کے مزار کے سامنے نمائش چورنگی سے نکالی گئی جس کے شرکاء ایم اے جناح روڈ پر مارچ کرتے ہوئے سی بریز پہنچے جہاں ریلی جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔ ریلی میں دیگر جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان عوامی تحریک، آل پاکستان سنی اتحاد کونسل، اصغریہ آرگنائزیشن، ہیت آئمہ مساجد، ذاکرین امامیہ، مجلس علماء شیعہ سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور ایم ڈبلیو ایم کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سی بریز چورنگی کے قریب شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امریکہ عالمی سامراج ہے۔ پوری دنیا میں جنگوں کی آگ بھڑکانے میں، بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے اسلحے کی تیاری اور فروخت میں، دہشت گردوں کے ذریعے عدم استحکام اور قتل عام میں امریکی حکومتیں اور اس کے ادارے ہی ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فیصلہ سنا دیا کہ مقبوضہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت مان لینے کا اور وہاں اپنا سفارتخانہ منتقل کرنے کا امریکی حکومتی فیصلہ ناجائز و غیر قانونی ہے۔ جلسہ کے اختتام پر امریکہ و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔