زندگی بھر کیلئے جسم میں گولی لے جارہاہوں: احسن اقبال، ہسپتال سے ڈسچارج، اسلام آبادگھر منتقل
لاہور/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + وقائع نگار خصوصی+ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کوطبیعت سنبھلنے، میڈیکل بورڈ کے معائنے کے بعد لاہور کے سروسز ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، گزشتہ روز سروسز ہسپتال کے ڈاکٹر امیر قریشی نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا میڈیکل بورڈ تفصیلی معائنہ کیا اور مطمئن ہونے کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔ چھٹی ملنے سے قبل احسن اقبال ہسپتال میں اپنے کمرے کی بالکنی پر آئے اور لوگوں کو دیکھ کر قومی پرچم لہرایا۔ سروسز ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد احسن اقبال سیدھے اپنی والدہ کی قبر پر پہنچے اور ان کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ احسن اقبال کو خصوصی طیارے میں اسلام آباد میں اپنے گھر شفٹ کردیا گیا۔ ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے قبل انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا سکیورٹی عملے نے اپنی جان پر کھیل کر حملہ کرنے والے کو حراست میں لیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال نارووال لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز، نرسز اور عملے نے جس طرح ابتدائی طبی امداد دی ان کا بے حد مشکور ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا بے پناہ شکرگزار ہوں۔ رب کائنات کی خصوصی عنایت ہے مجھے نئی زندگی ملی۔ دعائیں کرنے پر میں اہل پاکستان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں آج گھر جاتے ہوئے اپنے ساتھ جسم میں گولی زندگی بھر کیلئے لے جارہا ہوں۔ پاکستان کو امن کا گہوارہ اور ہم آہنگی کا مضبوط مرکز بنانے کیلئے کام کرنا ہے۔ پاکستان دین اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، اسلام امن کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ نفرت کے کانٹوں کو دور کرنے کیلئے ابھی کتنی جدوجہد کرنی ہے؟ کوئی ملک مضبوط، خوشحال نہیں ہوسکتا جب تک امن، استحکام اور بھائی چارہ کو یقینی نہ بنایا جائے۔
احسن اقبال