• news

نوازشریف ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں ارادہ کر لیا صرف سچ کہیں گے: رانا ثناء

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خاں نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ارادہ کرلیا ہے کہ وہ صرف سچ کہیں گے، ان کے سچ میں ہی قوم کی بقاءہے، پاکستان اب جھوٹ اور منافقت کے ساتھ نہیں چل سکتا، قربانیوں کی بنیاد پر جو صلہ ملنا چاہیے وہ نہیں مل رہا، نواز شریف نے اسی دکھ کا اظہار کیا، نواز شریف کی مقبولیت کو کم کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی بہانہ بنایا جا رہا ہے ، بیان توڑ مروڑ کر پیش کر کے انکی ساکھ پر تیسراحملہ کیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جو بیان دیا اس میں کوئی نئی بات نہیں، ممبئی حملوں کے بعد یہی بات اس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے بھی کی تھی، رحمان ملک نے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد سات لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ محمد علی درانی نے تو تنظیم کا بھی نام لیا تھا۔ ممبئی حملوں کے مقدمے پر ایف آئی اے نے تحقیقات کی، بیان پر کچھ نادان دوستوں نے میاں صاحب کا ٹرائل شروع کردیا ہے۔ نوازشریف کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور ٹارگٹ کرکے پاکستان کی نیک نامی نہیں ہوئی بلکہ پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔ نواز شریف پر جتنی بھی تنقید کی جائے ان کی شہرت بڑھتی ہے، 22کروڑ عوام نواز شریف کو محبِ وطن سمجھتے ہیں اور نواز شریف پاکستان کیساتھ کھڑا ہے لیکن پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ ہے جو باہر بیٹھا ہوا ہے، اسے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ جو تماشے 70سال سے ہوتے آئے ہیں، اب وہ برداشت نہیں کریں گے، نوازشریف ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، صرف سچ کہیں گے۔ شہباز شریف نے نواز شریف کے بیان کی تردید نہیں کی، شہباز شریف نے کہا نوازشریف کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق بیان بھی غلط پیش کیا گیا۔ نیب کا اعلامیہ بھی میاں صاحب کی ساکھ کونقصان پہنچانا تھا۔ نواز شریف یا (ن) لیگ نے تو نہیں جاری کیا۔ نوازشریف جب سچ بولیں گے، عوام کو اعتماد میں لیں گے، نوازشریف نے جو بات کی وہ قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔ میڈیا کو ڈائریکشن آرہی ہیں اور آتی رہی ہیں، میڈیا کو بتایا جاتا ہے کس کا بیپر لینا ہے اور کس کا نہیں، کچھ دن پہلے ایک چینل بند ہوا اور دوبارہ کیسے کھلا سب کو پتہ ہے، یہ کوئی بات نہیں جو نواز شریف نے کی، اس مقدمے کا فیصلہ ہوناچاہیے، جو ذمہ دار ہیں سزا ملنی چاہیے۔
رانا ثنا

ای پیپر-دی نیشن