پابندی کے باوجود انتہائی اہم تقرریاں کی جا سکیں گی الیکشن کمشن
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے کہ اگلے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے یکم اپریل 2018ء کے بعد سے نئی ترقیاتی سکیموں کے اجراء اور سرکاری اداروں میں تقرریوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاہم انتہائی اہم نوعیت کی تقرریوں کے بارے میں رعایت دی جا سکتی ہے۔ اعلامئے کے مطابق کمشن کی طرف سے یکم اپریل 2018ء کے بعد نئے ترقیاتی کاموں کی سکیموں کے اجراء پر لگائی گئی پابندی تا حکم ثانی برقرار رہے گی۔ تاہم انتہائی اہم نوعیت کے تقرریوں کے حوالے سے ادارے پابندی کے حوالے سے رعایت کی درخواستیں الیکشن کمشن کو دے سکتے ہیں۔ مزید برآں ڈاکٹرز کی تعیناتی کے حوالے سے کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن آج سے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسروں کی باقاعدہ تربیت کا آغاز کرے گا۔ پہلی ٹریننگ آج سے پشاور اور کوئٹہ میں شروع ہو رہی ہے جبکہ پنجاب اور سندھ کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں کی ٹریننگ 16مئی کو ہو گی۔ 133ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور 849ریٹرننگ افسروں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔