• news

اُمت کو رمضان میں اپنا سخت احتساب کرنا چاہیے: امام کعبہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امام کعبہ شیخ صالح آل طالب نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو رمضان المبارک میں اپنا کڑا احتساب کرنا چاہیے۔ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ اپنے بندوں کو جہنم سے آزادی کا انعام عطا کرتا ہے۔ رمضان المبارک کا ایک بار پھر ہماری زندگی میں آنا اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔رمضان کی پہلی رات شیطانوں اور سرکش جنوں کو جکڑ دیا جاتا ہے، جہنم کے دروازے بند جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مکۃ المکرمہ میں پیغام نیٹ ورک کی طرف سے استقبال رمضان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس سے امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر ناظم اعلیٰ، ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے بھی شرکت کی۔ امام کعبہ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں صیام و قیام کے علاوہ حسب استطاعت صدقہ اور نیکی کے کام کثرت سے کرنے چاہئیں۔ رسول اللہؐ اس مبارک مہینے میں خیر کے تمام کاموں کی طرف سبقت لے جاتے تھے۔ رمضان المبارک کے اہم اعمال میں سے ایک عمل روزے کے دوران زیادہ سے زیادہ دعا، استغفار اور ذکر الٰہی کرنا ہے کیونکہ روزہ دار کی دعا ان دعاؤں میں سے ہے جو اللہ تعالی کے ہاں قبول ہوتی ہیں۔امام کعبہ نے دعوت وتبلیغ کے فروغ میں پیغام نیٹ ورک کے کام کو سراہا اور کہاکہ دینی قوتوں کو ذرائع ابلاغ کے میدان میں آگے آناچاہیے۔ پروفیسرساجد میر نے اس موقع پر کہا کہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ اس کی برکات کو سمیٹنے کے لیے اپنی کمر کس لینی چاہیے۔ امام کعبہ نے شرکا تقریب میں شیلڈز بھی تقسیم کیں جبکہ پروفیسر ساجد میر کی طرف سے امام کعبہ کو خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، عبدالمالک مجاہد، مولانا عبدالباسط شیخوپوری، مولانا یوسف پسروری، مولانا سلمان اعظم ودیگر نے بھی شر کت کی۔

ای پیپر-دی نیشن