دہلی: ششی تھرور بیوی سندانہ پشکر کو خودکشی پر مجبور کرنے کے مجرم قرار
لاہور (نیوز ڈیسک) نئی دہلی پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں کانگریس کے رہنما اور سابق مرکزی وزیر ششی تھرور کو ان کی بیوی سندانہ پشکر کے موت کے کیس میں خودکشی کے لیے مجبور کر دینے کا مجرم قرار دے دیا۔ اس مقدمے کے حوالے سے پولیس نے 3 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ گزشتہ روز میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ دھرمیندر سنگھ کی عدالت میں جمع کرا دی۔ اس چارج شیٹ میں پولیس کے تفتیشی افسروں نے لکھا ہے کہ نعش کے پوسٹ مارٹم، فرانزک ٹیسٹ اور 4 سال کیس کی تفتیش ودیگر شواہد سے بآسانی اخذ کیا جا سکتا ہے کہ ششی تھرور نے اپنی بیوی کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا۔ مختلف مواقع پر سندانہ پشکر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ہراساں کرتے رہے اور زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی پر مجبور کر دیا۔ واضح رہے کہ سندانہ پشکر کی ششی تھرور سے شادی 2010 میں 22 اگست کو ہوئی۔ سندانہ 17 جنوری 2014 کو نئی دہلی کے ہوٹل کے لگژری سوٹ میں مردہ حالت میں ملی تھیں۔ پولیس نے اس وقت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اب ششی تھرور کا نام ایف آئی آر میں شامل ہو گا۔ دوسری طرف ششی تھرور نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں دہلی پولیس کے چارج شیٹ میں الزامات کو مضحکہ خیز اور ناقابل یقین قرار دیا اور کہا کہ کوئی نہیں جانتا تھا کہ سندانہ خود کشی کر لے گی۔ میں اسے کیسے خود کشی پر مجبور کر سکتا تھا۔