گوجرانوالہ میں سنی تحریک، تحریک انصاف کے نواز شریف کیخلاف مظاہرے، ریلیاں
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ملکی سالمیت کیخلاف نواز شریف کے بیان پر سنی تحریک نے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں۔ سنی تحریک کے سٹی رہنما عطاء الرحمن خان نے شیرانوالہ باغ تا سیالکوٹی دروازہ تک نکالی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف ملک دشمنی میں تمام حدوں کو پارکر چکے ہیں ان کے خلاف فوری غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے سر براہ الطاف حسین پر غداری کا مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے تو نواز شریف پر کیوں نہیں؟ تحریک انصاف کے امیدوار پی پی 58چوہدری محمد سعید بھٹہ کی طرف سے نواز شریف کے پاکستان کے خلاف بیان پر سیالکوٹ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سعید بھٹہ نے کہا نواز شریف نے پاکستان سے غداری کا ارتکاب کیا۔ تحریک انصاف یوتھ ونگ سٹی کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی قیادت سٹی صدر انصاف یوتھ حافظ تنویر انصاری نے کی ۔ ریلی شرکاء نے نواز شریف کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔