• news

نوازشریف نے فوج، اسٹیبلشمنٹ کو ذمہ دار قرار دیا، بدنام کرنا انتہائی افسوسناک: مشرف

لندن (نامہ نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور سابق صدر سید پرویز مشرف نے مطالبہ کیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ چلایا جائے،نواز شریف بھارت کے ترجمان بن چکے ہیں،نواز شریف نے ملک سے غداری کا ارتکاب کیا ، وہ ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں، ممبئی حملوں میں پاکستان نہ تو ملوث تھا اور نہ ہی میں ایسی بات کرنے بارے سوچ سکتا ہوں، نواز شریف نے اپنے بیان سے فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو ذمہ دار قرار دیا ہے، اپنے ملک کی آرمی کو بدنام کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے، نواز شریف امریکہ گئے اور وہاں سے کارگل سے فوجوں کی واپسی کا آرڈر جاری کیا، کارگل سے فوجوں کا انخلا کروا کر نواز شریف نے غلط قدم اٹھایا۔ پیر کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ نوازشریف نے غلط وقت پر بیان دیا، نوازشریف نے اپنے بیان سے فوج اور سٹیبلشمنٹ کو ذمہ دار قرار دیا ہے، اپنے ملک کی آرمی کو بدنام کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔پرویز مشرف نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ کارگل کی کارروائی پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا تھا، کارگل پر نواز شریف کو2 بار بریفنگ دی تھی،نواز شریف نے کہا تھا کہ جنرل صاحب مزا تب آئے گا جب جھنڈا سری نگر پر لگائیں گے،کارگل جنگ میں ہم 5جگہوں پر بھارتی فوج پر ہاوی تھے،اس وقت نواز حکومت پر بھارت نے امریکہ کے ذریعے دباؤ ڈلوایا،کارگل سے فوجوں کی واپسی پرراجہ ظفرالحق اور چوہدری شجاعت نے مخالفت کی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف امریکہ گئے اور وہاں سے فوجوں کی واپسی کا آرڈر جاری کیا،کارگل سے فوجوں کا انخلا کروا کر نواز شریف نے غلط قدم اٹھایا،نواز شریف نے فوجوں کی واپسی کا الزام مجھ پر عائد کردیا، ایسے وقت پر یہ بیان آنے کے پیچھے ضرور کوئی نا کوئی بات چھپی ہے۔قبل ازیں پیر ہی کو اپنے ایک اور بیان میں سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ نواز شریف نے اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے میرا حوالہ دے کر خواہ مخواہ ساتھ گھسیٹنے کی مذموم کوشش کی ہے،اس ضمن میں نوازشریف کی طرف سے میرا نام لینا انتہائی مضحکہ خیز بات ہے،ساری زندگی ملک کی خدمت کی ہے، آج بھی ملک سے باہر رہتے ہوئے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کا دفاع کرتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن